امریکی بمبار طیاروں نے صلاحیتیں جانچنے کے لیے شمالی کوریا کے قریب سمندر پر پروازیں کیں، محکمہ دفاع

اتوار 24 ستمبر 2017 14:11

امریکی بمبار طیاروں نے صلاحیتیں جانچنے کے لیے شمالی کوریا کے قریب سمندر ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء)امریکا کے محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی بمبار طیاروں نے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے شمالی کوریا کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں جبکہ شمالی کوریا وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خودکش مشن پر ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پینٹاگون نے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ اس کے جنگی جہازوں نے یہ پروازیں شمالی اور جنوبی کوریا کی سرحد سے کافی دور شمال میں کی ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ یہ مشن امریکی ارادے کا ثبوت ہے اور واضح پیغام ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے متعدد فوجی راستے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم امریکی سرزمین اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے تمام فوجی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ادھر نیویارک میں شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خودکش مشن پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ ذہنی طور پر حواس باختہ شخص ہیں جو امریکا کو تباہی سے راستے پر لے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی دھکمیوں کے باعث جزیرہ نما کوریا کے خطہ میںفوجی تصادم کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔