کامرس نیوز

رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں قومی برآمدات میں 11.8 فیصد کا اضافہ ہوا ، چیئرمین اپیریل فورم افغانستان کو کی جانے والی برآمدات کو 5 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھایا جاسکتا ہے،جاوید بلوانی

اتوار 24 ستمبر 2017 14:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2017ء) رواں مالی سال2017-18کے پہلے دو ماہ میں جولائی اور اگست کے دوران قومی برآمدات میں 11.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ علاقائی تجارت کے فروغ سے تجارتی خسارے کو کم کیا جاسکتا ہے۔ افغانستان کو کی جانے والی برآمدات کو 5 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ پاکستان اپیریل فورم کے چیئرمین جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ جامع حکمت عملی کے تحت علاقائی تجارت میں اضافہ سے تجارتی خسارہ کو ختم کیا جاسکتا ہے جس سے قومی برآمدات میں ہونے والے اضافہ کے باعث ملک میں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے افغانستان کے ساتھ کی جانے والی دوطرفہ تجارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال میں افغانستان کو کی جانے والی برآمدات میں 66 فیصد کے اضافہ سے برآمدات کا حجم 213.5 ملین ڈالر تک بڑھا ہے جبکہ افغانستان کو کی جانے والی برآمدات کو سالانہ 5 ارب ڈالر تک توسیع دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران خطے کے ممالک کے ساتھ کی جانے والی تجارت کے نتیجہ میں جولائی اور اگست کے دوران پاکستان نے 449.6 ملین ڈالر کی برآمدات جبکہ 256 ملین ڈالر کی درآمدات کیں۔

اس طرح ہمسایہ ممالک کے ساتھ کی جانے والی باہمی تجارت کے باعث پاکستان کو 193 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت کے فروغ سے ادائیگیوں کے توازن کو پاکستان کے حق میں کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :