مقبوضہ کشمیر:تاجر رہنما کی طلبی کے خلاف تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کی کل ہرتال کی کال

نوٹس یاسین خان کو نہیں بلکہ تمام تاجروںکودیاگیاجس کا مقصد ان کی آوازکو دباناہے

اتوار 24 ستمبر 2017 13:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء)مقبوضہ کشمیر میںتاجروں اور ٹرانسپورٹروں کی تنظیموں نے کشمیرٹریڈرز اینڈ مینو فیکچررز فیڈریشنKTMF) (کے صدر محمد یاسین خان کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے نئی دہلی طلب کرنے کے خلاف کل پیر کو مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کے ٹی ایم ایف، کشمیر اکنامک الائنس اورٹرانسپورٹرز کے نمائندوںنے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این آئی اے کی طرف سے محمد یاسین خان کو نوٹس جاری کرنے کے خلاف احتجاج کے لیے مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

کے ٹی ایم ایف کے قائمقام صدر منظور احمدنے کہاکہ این آئی اے سرینگر میں بھی ان کا بیان ریکارڈ کرسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ نوٹس صرف ہمارے صدر کونہیں بلکہ تمام کشمیری تاجروں دیا گیا ہے جس کا مقصد ہماری آواز کو دبانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ تاجر برادری کو ہراساں کرنے اور انہیں جرم بے گناہی کی سزا دینے کی کوشش ہے جس کے لیے محبوبہ مفتی کی کٹھ پتلی انتظامیہ ذمہ دار ہے۔

این آئی اے نے محمد یاسین خان کو کل نئی دہلی کے ہیڈکوارٹر پر طلب کیاہے ۔ یاسین خان نے سرینگر میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ این آئی اے کے ساتھ تعاون کریں گے اور انہیں ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک تاجر رہنما ہوں اور میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔ این آئی اے نے کشمیر یونیورسٹی کے سکالر اعلیٰ فاضلی کو بھی کل دہلی کے مرکزی دفتر پر طلب کیا ہے۔ ہمہامہ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ فاضلی یونیورسٹی میں فارمیسی ڈیپارٹمنٹ میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ فاضلی نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ مجھے نہیں پتا کہ کیوں طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پولیس نے انہیں کبھی کسی کیس کے سلسلے میں نہیں بلایا اور انہیں معلوم نہیں کہ کیا ہورہا ہے۔