مقبوضہ کشمیر کے رہنما کا جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان کے جامع خطاب کا خیر مقدم

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی میں بھارت کو بے نقاب کرکے کشمیری عوام کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے

اتوار 24 ستمبر 2017 13:00

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے امیر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی میں بھارت کو بے نقاب کرکے کشمیری عوام کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے ۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی جبر و استبداد کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید صلاح الدین نے مظفر آباد میں متحدہ جہاد کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے پوری تفصیل کیساتھ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کا ذکرکرکے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی رائے کے عین مطابق حل نہیں کیا جائے گا ،خطے میں دائمی امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

صلاح الدین نے وزیر اعظم پاکستان کی اس تجویز کو بھی سراہا جس میں انہوں نے اقوام متحدہ کو سیکورٹی کونسل کی قرادادوں کو عملانے کیلئے خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا مطا لبہ کیا ہے۔چیئر مین جہاد کو نسل کے چیئرمین نے کہا کہ عالمی ادارہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے میں اب تک ناکام ہو چکا ہے جسکا نتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہاہے۔

صلاح الدین نے کہا کہ اگر عالمی برادری یو نہی تماشہ دیکھتی رہی تو کشمیریوں کا عالمی اداروں پر سے اعتماد مکمل طور پر ختم ہوگا اور اگر صورتحال اس نہج پر پہنچی تو اس کے منفی نتائج ہونگے۔انہوںنے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی محاذ کو مزید متحرک کرکے پوری دنیا میں بھارتی جمہوریت کابھیانک چہرہ بے نقاب کرے۔