میرواعظ فورم کا کنٹرو ل لائن پر جاری پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش

بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو عالمی برادری سے ہر گز چھپا نہیں سکتا، ظفر اکبر

اتوار 24 ستمبر 2017 13:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کے جان ومال کے زیاں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فورم نے دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ مخاصمانہ رویوں کو ترک کرکے مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے حل کیلئے افہام و تفہیم سے کام لیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میںسیالکوٹ سیکٹر میں 6 پاکستانی شہریوں کے جاں بحق اور دو درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کا خمیازہ دونوں جانب عام شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اور مخاصمت کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور اسی تنازعے کے سبب دونوں ہمسایہ ممالک گزشتہ سات دہائیوں سے باہم نبرد آزماہیں۔

دریں اثناجموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھی پاک بھارت گولہ باری کے نتیجے میں انسانی جانوں کے زیاں پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر گولہ باری اور دیگر اوچھے ہتھکنڈوںکے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو عالمی برادری سے ہر گز چھپا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک اٹل حقیقت ہے اور بھارت کو اسکے حل کی طرف ایک روز ضرور آنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :