بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی ماں ہے، ملیحہ لودھی

بھارت کو دہشت گردی کی پالیسی ترک کرنا ہوگی،بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ،عالمی برادری بھارت کو سیز فائر کی خلاف ورزی سے روکے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل سے بھارت کا انکار دھوکا اور جارحیت ہے،کلبھوشن یادیو نے پاکستان کے اندر جاسوسی کرنے کا اعتراف کیا قوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج کو کرارا جواب

اتوار 24 ستمبر 2017 11:41

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 ستمبر2017ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھارت کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی ماں قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو دہشت گردی کی پالیسی ترک کرنا ہوگی،بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے،عالمی برادری بھارت کو سیز فائر کی خلاف ورزی سے روکے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل سے بھارت کا انکار دھوکا اور جارحیت ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی 'ماں' ہے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم پر تنقید کرنے والوں کے ہاتھ گجرات میں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں اور بھارت کا حکمران گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کاحصہ نہیں ہے اور اس پر بھارتی قبضہ غیر قانونی ہے، کشمیر میں بھارتی جرائم کی تحقیقات کی جانی چاہییں۔ملیحہ لودھی نے بھارت کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کا سر پرست اعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو ریاستی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے، بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا پاکستان تمام مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتا ہے لیکن مذاکرات کے لیے بھارت کو دہشت گردی کی پالیسی ترک کرنا ہوگی۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو سیز فائر کی خلاف ورزی سے روکے۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل سے بھارت کا انکار دھوکا اور جارحیت ہے۔ملیحہ لودھی نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف بھارت بہتان تراشی پر اتر آیا ہے، کلبھوشن یادیو سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندر جاسوسی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔