میں اب رومانٹک فلموں میں کام نہیں کروں گا‘سنجے دت

اب میں درختوں کے ارد گرد ڈانس نہیں کرسکتا اور نہ ہی کالج کا طالب علم بن سکتا ہوں میں ایسی فلموں کے اسکرپٹ سائن کررہا ہوں جس میں‘میں اپنی عمر کے ہی کردار کروں

اتوار 24 ستمبر 2017 11:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء)ایک طرف جہاں بولی وڈ کے بڑے ستارے ابھی بھی اپنی فلموں میں نوجوانوں کے کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں، وہیں سنجے دت بھی اپنے لیے ایک نئی راہ بنا رہے ہیں۔سنجے دت نے فلم’ ’بھومی‘‘ کے ساتھ بولی وڈ میں واپسی اختیار کی ہے اور وہ اب فلمیں اپنی عمر کے حساب سے ہی کریں گے۔فلم ’بھومی‘ میں انہوں نے اداکارہ ادیتی راؤ حیدری کے والد کا کردار ادا کیا۔

اس فلم کے بعد 8 فلمیں ان کی لسٹ میں موجود ہیں، جن میں منا بھائی سیریز، صاحب بیوی اور گینگسٹر 3، ملنگ، شدت، مارکو بھاؤ، تورباز اور نشی کانتھ کمتھ کی فلم موجود ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سنجے دت کا فلم ’بھومی‘ کی تشہیر کے دوران کہنا تھا کہ ’میں ایسی فلموں کے اسکرپٹ سائن کررہا ہوں جس میں، میں اپنی عمر کے ہی کردار کروں، میرے خیال سے ایسا اب تک ہندوستانی فلموں میں نہیں ہوا اور میں یہی کرنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے جیل میں اپنی عمر بڑھتی دیکھی ہے، اب میں درختوں کے ارد گرد ڈانس نہیں کرسکتا اور نہ ہی کالج کا طالب علم بن سکتا ہوں، میں اپنی عمر کے حساب سے کردار کروں گا۔جہاں شاہ رخ، عامر، سلمان، اکشے اور اجے دیوگن اپنی عمر سے کم اداکاراؤں کے ساتھ فلموں میں رومانس کرتے نظر آتے ہیں، وہیں سنجے دت کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کی رومانٹک فلموں میں کام نہیں کریں گے۔فلم’ ’بھومی‘‘ سینما گھروں میں پیش کردی گئی جسے ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے۔