شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے زیرِ اہتمام نشے کی لعنت کیخلاف آگاہی واک

ہفتہ 23 ستمبر 2017 23:30

سکھر۔23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء)ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی ہدایت پر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ معاشیات کے زیرِ اہتمام نشے کی لعنت کے خلاف ایک آگاہی واک شعبہ معاشیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم راہپوٹو کی قیادت میں نکالی گئی۔ اس واک میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔

واک کے دوران طلبہ و طالبات نے نشے کی لعنت کے خلاف نعرے بلند کیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم راہپوٹو نے کہا کہ نشہ ایک لعنت ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ 2013کے مطابق پاکستان میں 15سے 64سال کے 6.7ملین افراد نشے کی عادتوں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشئی لوگ معاشرے میں کسی کام کے نہیں ہوتے ۔

ڈاکٹر راہپوٹو نے کہا کہ اگر آپ کو اپنی زندگی سے پیار ہے تو آپ کو نشے سے انکار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واک طلبہ و طالبات میں نشے کیخلاف آگاہی پیدا کرنے کیلئے نکالی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت، غیر سرکاری تنظیموں ، میڈیا ، سول سوسائٹی اور ہر ذمہ دار شخص کو نشے کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔