ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آ پریشن کی ارکان اسمبلی کو محرم انتظامات بارے بریفنگ

ہفتہ 23 ستمبر 2017 23:03

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء) ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری / ایم پی اے چوہدری فقیر حسین ڈوگر نے کی ۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی میاں عبدالمنان ‘ بیگم خالدہ منصور ‘ شیخ اعجاز احمد ‘ حاجی الیاس انصاری‘ ڈاکٹر نجمہ افضل ‘ رائے حیدر علی کھرل ‘ جعفر علی ہوچہ ‘ رائے عثمان کھرل ‘ عارف محمود گل اور رانا شعیب ادریس کے علاوہ ارکان اسمبلی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور ایس ایس پی اپریشن رانا محمد معصوم نے ارکان اسمبلی کو محرم انتظامات ‘ مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے وسیع البنیاد اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اس ضمن میں محرم کے آغاز سے قبل بعض مذہبی مسائل حل کرنے کے لئے امن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے کے علاوہ محرم جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر صفائی ستھرائی ‘ تجاوزات کے خاتمے ‘ سیوریج کی درستگی اور سڑکوں کی مرمت سمیت دیگر ضروری انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محرم انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے ضلعی ‘ تحصیل کی سطح کے علاوہ چوک گھنٹہ گھر میں کنٹرول رومز کام کر رہے ہیں اور جلوسوں کے روٹس سمیت دیگر اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کمیروں کے ذریعے انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ اور مذہبی رواداری قائم رکھنے کے لئے ارکان اسمبلی کی معاونت انتہائی اہم ہے ان کی مدد و تعاون سے محرم انتظامات کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ کسی بھی مذہبی کشیدگی سے بچنے کے لئے 61 ۔ علماء کرام و ذاکرین کی ضلع میں داخلے پر پابندی اور 96 علما کرام و ذاکرین کی زبان بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ محرم انتظامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں متعلقہ اداروں کو تمام تر مشینری و وسائل سمیت متحرک رکھا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں بتایا کہ وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت تین ارب 34 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کی 1227 ترقیاتی سکیمیں منظور ہو چکی ہیں جن میں سے بیشتر پرکام جاری ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 45کروڑ روپے کے فنڈز سے 129 سکیموں میں سے صرف پانچ زیر التواء ہیں باقی سب مکمل ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے نائولٹی پل کے قریب انڈر پاس ‘ کشمیر پل انڈر پاس ‘ کینال سروس روڈ ‘ امین پور دو رویہ سڑک ‘ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی ‘واٹر سپلائی پراجیکٹ فیز ٹو اور چلڈرن ہسپتال کے منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔

ایس ایس پی اپریشن نے محرم سیکورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ عشرہ محرم کے دوران ضلع میں 443 جلوس اور 1281 مجالس منعقد ہونگی جن کی حفاظت کے لئے 7722 پولیس ملازمین کی فورس ‘1087 پی کیو آر اور 3440 سپیشل پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 80 فلیش پوائنٹس کی نشاندہی کرکے سیکورٹی کے اضافی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ موقع پر سیکورٹی کے تمام آلات موجود ہونگے ۔

ارکان اسمبلی نے محرم انتظامات کی کامیابی کے لئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی انتظامات پر پوری قوت سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ کسی کو قانون شکنی کی جرات نہ ہو ۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمانہ کارکردگی کومزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام ترقی کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں ۔

انہوں نے اجلاس میں بعض محکموں کے افسران کی غیر حاضری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ ان سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وضاحت طلب کریں اور آئندہ متعلقہ افسران کو پابند کیا جائے ۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کا فون نہ سننے سے متعلق ایکسئین بلڈنگز رانا اظہر کے خلاف شکایت کی اور ڈپٹی کمشنر کی طرف سے نوٹس لینے پر زور دیا ۔

ارکان اسمبلی نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چوری و ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پایا جائے ۔ انہوں نے ضلعی پولیس سے منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں اس کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا جائے ۔ اجلاس کے آخر میں رکن قومی اسمبلی رجب علی خان بلوچ کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :