وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرپر پاکستان کے موقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا‘ بھارتی قابض افواج کی طرف سے بے گناہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بربریت کو عالمی دنیا کے سامنے اجاگر کیا

دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا کی پی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 22:12

وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرپر پاکستان کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرپر پاکستان کے موقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا ہے، ہفتہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جراتمندانہ اور جامع انداز میں مسئلہ کشمیر ،روہینگیا اور افغانستان سمیت تمام علاقائی مسائل کو اجاگر کیا ہے، انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے بے گناہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بربریت کو عالمی دنیا کے سامنے اجاگر کیا، نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی اور پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی یہاں سے گرفتاری اس کا واضع ثبوت ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں کے لئے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو ثبوتاز کرے ۔دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات عوامی سطح کے ہیں، ایک سوال کے جواب میں نفیس زکریا نے کہا کہ دہشتکردی عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیان دیں ہیں۔