پرویز مشرف اس قوم کا قاتل ہے جس نے پہلے جمہوریت کا اور پھر اس نظام کا قتل کیا،نثار کھوڑو

بینظیر قتل کیس میں متعلقہ ادارے انٹرپول کے ذریعے مشرف کو ملک میں لائیں اور اسے کٹہرے میں کھڑا کریں ، صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس

ہفتہ 23 ستمبر 2017 22:16

پرویز مشرف اس قوم کا قاتل ہے جس نے پہلے جمہوریت کا اور پھر اس نظام کا ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) سینئر صوبائی وزیر خوراک اور پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف اس قوم کا قاتل ہے جس نے پہلے جمہوریت کا اور پھر اس نظام کا قتل کیا، عوام کی ہر دلعزیز قائد بینظیر بھٹوکا قتل بھی اسی کے دور حکومت میں ہواکیونکہ پرویز مشرف نے کئی ایسے بیانات اور اشارے دیئے تھے کہ وہ محتر مہ کو ملک میں نہیں آنے دیں گے۔

وہ پی پی کے ضلعی صدر صغیر قریشی کی رہائشگاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ مشرف نے ہی اس ملک کو دہشت گردی کی جنگ میں جھونکاجس کی وجہ سے لاکھوںلوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں، انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے سب کو ڈبل کراس کیا اور لال مسجد میں کاروائی بھی کی اور کچھ کو برقعہ پہنا کر جانے بھی دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کیلئے پانچ ارب ڈالر دیئے گئے اور جب بعد میں حساب مانگا گیاتو تین ارب ڈالر کا حساب ہی نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نشترپارک جلسے پر حملے ، بارہ مئی اور 18 اکتوبر کو سینکڑوں لوگوں کو مشرف دور میں ہی قتل کیا گیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بینظیر قتل کیس میں متعلقہ ادارے انٹرپول کے ذریعے مشرف کو ملک میں لائیں اور اسے کٹہرے میں کھڑا کریں ۔

انہوںنے کہا کہ پرویز مشرف نے کھلم کھلامرحوم اکبر بگٹی کو بھی دھمکی دی تھی کہ سدھر جائو ورنہ ایسی جگہ سے ہٹ کریں گے کہ پتہ بھی نہیں چلے گا۔ایک سوال کے جواب میںصوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز سینیٹ میں نا اہل شخص کے پارٹی لیڈر بننے کے خلاف پی پی پی نے ووٹ دیا مگر پی ٹی آئی کے لوگ غیر حاضر تھے جبکہ ایم کیو ایم نے بھی ہمارا ساتھ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ قانون ساز اسمبلیاں ہیں اور وہاں اکثریتی رائے سے کوئی بھی قانون یا ترمیم کی جاسکتی ہے، پہلے مسلم لیگ ن نے ہی کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو نہ چھیڑا جائے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حیدرآباد کے لوگ سیاسی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں اور انہوں نے ایک نام نہاد لیڈر عمران خان کے ہونے والے حالیہ جلسے میں نہ جاکر جلسے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق جلسے میں صرف سات ہزار کرسیاں لگائیں گئیں تھیں اور ان میں سے بھی کئی کرسیاں خالی تھیں، اس موقع پر پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو ، پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدر علی نواز شاہ رضوی ، پی پی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرا،پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی ، جنرل سیکریٹری علی محمدسہتو اور دیگر بھی موجود تھے۔