سینیٹر سراج الحق کی اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام 89سالہ مہدی عاکف کی حراست میں موت کی مذمت

ہفتہ 23 ستمبر 2017 21:41

سینیٹر سراج الحق کی اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام 89سالہ مہدی عاکف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام 89سالہ مہدی عاکف کے جیل میں انتقال کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے انسانیت کے لئے باعث شرم قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر سیسی نے شہید کی نماز جنازہ کی اجازت نہ دے کر ظلم وجبرکی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نماز جنازہ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر حق ہے لیکن ہر ظالم وبزدل حکمران کی طرح مصری حکومت اللہ کے ایک ولی اور بزرگ رہنما کی میت سے بھی خوف زدہ ہے، رات کی تاریکی میں شہید کی بیوہ اور بیٹی ہی کو تدفین کی اجازت دی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مصری جیلوں میں چالیس ہزار سے زائد بے گناہ معزز شہریوں کو صرف اس جرم کی سزا دی جارہی ہے کہ وہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق اور جمہوریت کی بحالی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پوری مسلم دنیا اس وقت ایک دوراہے پر کھڑی ہے۔ عالم اسلام کے خلاف ایک سے ایک سنگین سازش کی جارہی ہے۔ مسلم ممالک کو توڑ نے کے منصوبے سب کے سامنے ہیں لیکن کئی ظالم حکمران ان حالات میں بھی اپنے ہی بے گناہ شہریوں کو کچلنے اور بے گناہوں کا خون بہانے میں لگے ہوئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں ، اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کریں۔

دریں اثنا ء جامع مسجد منصورہ میں شہید قائد کی غائبانہ نماز جنازہ شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدا لمالک کی امامت میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبد الغفار عزیز نے کہا کہ ڈکٹیٹر سیسی اسلام دشمن قوتوں کے اشارے پر مصر سے اخوان المسلمون کو دبانے اور ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے لیکن اس کے ظالمانہ ہتھکنڈے ناکام ہونگے اور سیسی کو ناکامی و نامرادی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔انہوںنے کہا کہ جب بھی مصر میں آزادانہ انتخابات ہونگے اخوان پہلے سے بڑی قوت بن کر سامنے آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :