نیب ملک سے عنوانی کے خاتمہ کیلئے پیشہ ورانہ مہارت ، شفافیت اور میرٹ پر آہنی ہاتھوں سے عملدرآمد کر رہا ہے،نیب بھرپور پیشہ ورانہ مہارتوں کے ذریعے پرعزم طریقے سے قومی فرض کی ادائیگی کے تحت ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا بیان

ہفتہ 23 ستمبر 2017 20:58

نیب ملک سے عنوانی کے خاتمہ کیلئے پیشہ ورانہ مہارت ، شفافیت اور میرٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اپنی الوداعی ملاقات کے حوالے دورہ ملتان کے دوسرے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو ملک سے عنوانی کے خاتمہ کیلئے پیشہ ورانہ مہارت ، شفافیت اور میرٹ پر آہنی ہاتھوں سے عملدرآمد کر رہا ہے ۔ نیب ملتان کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور اب نیب بھرپور پیشہ ورانہ مہارتوں کے ذریعے پرعزم طریقے سے قومی فرض کی ادائیگی کے تحت ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے۔

پلڈاٹ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ گذشتہ سال کے دوران کئے گئے ایک سروے کے نتائج کے مطابق 42فیصد لوگ نیب کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں جبکہ پولیس پر اعتماد کرنے والوں کی شرح 30فیصد اور دیگر حکومتی اداروں کے حوالے سے یہ شرح 29فیصد ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی)سے پاکستان کا انڈیکس 175سے کم ہو کر 116ہوچکا ہے اور نیب کی کاوشوں کی وجہ سے پاکستان کیلئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔

ورلڈ اکنامک فورم 2016ء کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سی پی آئی میں نمایاں بہتری واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے اور بد عنواتی کے خاتمہ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کے نتیجہ میں ادارے کی کارکردگی اور نتائج میں نمایاں بہتری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنی کاررکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں عالمی معیار کی پالیسی اختیار کی ہے ۔

جس کے نتائج ظاہر ہونا شر وع ہوچکے ہیں اور آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب بھرپور اقدامات کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو نیب ، حکام اور اہلکاروں کی کارکردگی پر فخر ہے جو وہ قومی ذمہ داری کے تحت انتہائی پیشہ وارانہ اور شفاف انداز میں قانون کے مطابق سرانجام دے رہے ہیں ۔ گزشتہ چار سالوں کے دوران نیب نے بدعنوان عناصر سے 50 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائے ہیں ، جو ایک ریکارڈ ہے کیونکہ بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والے کسی اور ادارے نے اتنی بھاری رقوم قومی خزانہ میں جمع نہیں کروائی ۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا سب سے بڑا مقصد بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالہ سے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے اور اس حوالے سے نوجوان طبقہ کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ایچ ای سی کے تعاون سے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں ، کالجوں اور تعلیمی اداروں میں 45ہزار کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیاں قائم کی ہیں جو دہشتگردی کے خلاف نوجوانوں کی راہنمائی کرینگی۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ نیب نے سارک ممالک کے بد عنوانی کے خلاف کام کرنے والوں اداروں کی کانفرنس کا انعقاد کروایا اور نیب پاکستان کی قومی ایجنسی ہے جس کے ساتھ چین نے بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے مفاہمت پر دستخط کئے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے فرانز ک سائینس لیبارٹری کے قیام کے علاوہ دیگر اقدامات بھی کئے ہیں تاکہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا نیب ملتان ایک اہم علاقائی دفتر ہے جو ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے ۔ انہوں نے نیب ملتان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نیب ملتان میں کام کرنے والے تمام عملے کو محنت ، ایمانداری اور پیشہ وارانہ مہارتوں سے کام کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے نیب ملتان کے ڈی جی عتیق الرحمان کی سربراہی میں کام کرنے والے تمام ونگز کی کاررکر دگی کی تعریف کی ۔

قبل ازیں ڈی جی نیب ملتان عتیق رحمان نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سے ملاقات کی اور اس موقع پر چیئرمین نیب کی کارکردگی اور کاوشوں کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے ملتان میں نیب کا دفتر قائم کیا اور اس اقدامات سے علاقے کے عوام انتہائی خوش اور مطمئن ہیں کیونکہ انہیں اپنے گھر کے دروازے پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملتان ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرینس کے تحت اقدامات کر رہا ہے ۔ملاقات کے بعد چیئرمین نیب نے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات درج کئے اور توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی نیب ملتان قانون کے تحت اپنی پیشہ وارانہ کارکردگی کے معیار کو برقرار رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :