اقوام متحدہ میں مودی اور کلبھوشن کا نام لیتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم کی زبان گنگ ہو جاتی ہے،

سرحدوں پر مقیم شہریوں کا قتل عام تقاضا کرتا ہے کہ مودی سرکار کوعالمی دہشت گرد قرار دیا جائے ،بین الاقوامی قیادت کی موجودگی میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را"کی بلوچستان میں پاکستان مخالف سرگرمیاں کسی سے پوشیدہ نہیں تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کی سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی جارحیت سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 20:08

اقوام متحدہ  میں مودی اور کلبھوشن کا نام لیتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم ..
سیالکو ٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر سیالکوٹ کے سی ایم ایچ ہسپتال میں سرحدی علاقوں میں بھارتی جارحیت سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی ، ان کو گلدستے پیش کئے اور مالی امداد کے چیکس بھی دیئے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی وزیر اعظم کا مودی اور کلبھوشن کا نام لیتے ہوئے زبان گنگ ہو جاتی ہے جوکہ پاکستان کے غیور عوام سے غداری کے مترادف ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی سرعام دہشت گردی اور پاکستانی سرحدوں پر یلغار غیر اعلانیہ جنگ ہے جس کا جواب دینے کے لئے پاکستان کی بہادر افواج ہردم تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر مقیم شہریوں کا قتل عام اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ عالمی سطح پر مودی سرکار کو دہشت گرد قرار دیا جائے اور بین الاقوامی لیڈر شپ کی موجودگی میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را"کی بلوچستان میں پاکستان مخالف سرگرمیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے نواز شریف ہو یا عباسی ان کی زبان پر بھارت کا نام نہ آنا پاکستان کے مؤقف کی نفی ہے اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ جب بھی پاکستان میں نواز شریف کی حکومت پر مشکلات کے بادل گہرے ہوتے ہیں تو سرحدی عوام پر بھارتی جارحیت کی یلغار ہو جاتی ہے