Live Updates

نواز لیگ آئینی ترمیم نہیں سیاسی خود کشی کررہی ہے ، ہتھکنڈے ناکام ہوں گے‘عبدالعلیم خا ن

نا اہل ہونے والے کو پارٹی سربراہ بناناکھلی بغاوت اور دھوکہ دہی ہے‘ صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی پارٹی وفود سے گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:56

نواز لیگ آئینی ترمیم نہیں سیاسی خود کشی کررہی ہے ، ہتھکنڈے ناکام ہوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ آئینی ترامیم نہیں،سیاسی خود کشی کررہی ہے،کرپشن سے تباہ ہونے والی ساکھ بچانے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہونگے ، لندن فرار ہونے والے نااہل شخص کو سیاسی ریموٹ کنڑول تھمانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگاکیونکہ سپریم کورٹ کی طرف سے نا اہل ہونے والے کو پارٹی سربراہ بنانا عوام کے ساتھ کھلی بغاوت اور دھوکہ دہی ہے۔

انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع کے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کی ساری سیاست دھونس ،دھاندلی اورلوٹ مار کے گرد گھومتی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران کی طویل جدوجہد کے نتیجے میں ملک میں احتساب کی لہر چلی تو آغاز کرپشن کے بادشاہوں سے ہی ہونا تھا لیکن خود کو مطلق العنان سمجھنے والا نواز خاندان ایک بار پھر غلط فہمی کا شکار رہا کہ کوئی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوازلیگ عدلیہ اور فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کرکے احتساب کو سازش کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے،نواز شریف کی نااہلی کو جمہوریت دشمنی قرار دینے والے خود آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرکے جمہوری عمل کو خطرے میں ڈال رہے ہیں،صادق اور امین نہ ہونے کی وجہ سے جو شخص سرکاری دفتر میں چپڑاسی کی نوکری کا اہل نہیں رہا،اس کو پارٹی سربراہ برقرار رکھنے کیلئے شرمناک کوشش کی گئی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہباز شریف اور پنجاب حکومت کو بچانے کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر نہ لانے والے کس منہ سے آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں،قاتلوں کو تحفظ دینے کیلئے سیکریٹری داخلہ کی انٹرکورٹ اپیل ملکی اداروں کا تقدس پامال کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہیں وصول کرنے والے افسروں کی جانب سے ایک کرپٹ خاندان کی غلامی کا مطلب ہے کہ پاکستان کا آئین اور قانون ابھی تک مافیا سے آزادی نہیں حاصل کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے انسانوں کا دن دیہاڑے قتل عام کیمروں کی آنکھ نے دیکھا اور ریکارڈ کیا،اس سچ کو جھوٹ ثابت نہیں کیا جاسکتا،اگر شہباز شریف اور حواریوں کے ہاتھ خون سے نہیں رنگے تو رپورٹ منظر عام پر لانے کے حکم پر بوکھلاہٹ کیوں طاری ہی ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ظلم زیادتی اور کرپشن کے ان پہاڑوں کو ملیا میٹ کرکے ملک کو جنت نظیر بنانے کیلئے پر عزم ہے،ترمیمی بے شرمیاں کرلیں یا لندن میں بیٹھ کر سازشیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپٹ خاندان کا سیاسی مستقبل تباہ ہوچکا ہے ، عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف اور روشن پاکستان کی جانب یہ سفر رکنے والا نہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات