درگئی، مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام این اے 120میں کلثوم نواز کی جیت کے حوالے سے تقریب کا انعقادکیا گیا

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:55

درگئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یونین کونسل خارکئی کے زیر اہتمام این اے 120میں کلثوم نواز کی جیت کی خوشی میں تقریب کا انعقاد۔ قوم نے میاں نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرکے عمران خان کے الزاماتی سیاست کو یکسر مسترد کردیا۔ این اے 120میں لیگی کارکنان کو مختلف ہیلے بہانوں سے ووٹ کاسٹ کرنے نہ دینا قابل مذمت اقدام ہے ۔

قوم اب بیدار ہوچکی ہے دھاندلی کے ذریعے ایجنٹوں کو قوم پر مسلط کرنے نہیں دے گی۔ اداروں کو قوم کے انتخاب اور ووٹ کی قدر کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہارمسلم لیگی سابقہ ایم این اے الحاج محمد خان اتمان خیل کی رہائش گاہ پر منعقدہ این اے 120کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن ) کے جیت کے سلسلے مین منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین الحاج محمد خان اتمان خیل ، لیگی رہنماء اسفندیار خان ، حاجی زینت شاہ ، یوتھ ونگ کے رہنماء انعام اللہ ، سابقہ ناظم خارکئی ہدایت اللہ خان ، ناظم ویلج کونسل خارکئی مکرم شاہ ، سابقہ امیدوار این اے 35 محمدریاض خان اور دیگر نے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب میں کثیر تعداد میں لیگی کارکنان شریک ہوئے ۔ مقررین نے این اے 120میں مسلم لیگی امیدوار کلثوم نواز کی جیت کو عوام کی میاں نواز شریف پر مکمل اعتماد کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ عوام نے عمران خان کی الزامی سیاست کو یکسر مسترد کردیا ہے ۔