ْسی پیک منصوبے سے خوفزدہ قوتیں ایک بار پھر ایشیائی باشندوں کا خون بہا سکتی ہیں، رضا ربانی

ٹرمپ نے پاکستان کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا تو کوئی بھی مسلمان ملک ڈھال بن کر سامنے نہیں آیا، برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کا بنیادی محرک امریکا اور مغربی ممالک کے مفادات کا ٹکراؤ ہے،چیئرمین سینیٹ کا سیمینار سے خطاب

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:45

ْسی پیک منصوبے سے خوفزدہ قوتیں ایک بار پھر ایشیائی باشندوں کا خون بہا ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2017ء) سینیٹ چیئرمین میاں رضا ربانی نے مسلمان ممالک کے اتحاد او آئی سی کو غیر فعال قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان و چین کے مابین اقتصادی ترقی کے جاری سی پیک منصوبے سے خوفزدہ قوتیں ایک بار پھر ایشیائی باشندوں کا خون بہا سکتی ہیں۔ پاکستان مسلمان ممالک میں ہونے والے فساد پر فوراً آواز اٹھاتا ہے، لیکن جب افغان جنگ اس ملک پر مسلط کی گئیاورٹرمپ جیسے متنازعہ شخص نے پاکستان کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا تو کوئی بھی مسلمان ملک ڈھال بن کر سامنے نہیں آیا۔

اسلامی ممالک کا اتحاد او آئی سی اپنی موت آپ مر چکا ہے۔ برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کا بنیادی محرک امریکا اور مغربی ممالک کے مفادات کا ٹکراؤ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ سندھ جامشورو میں ’’روہنگیا معاملہ اور پاکستان کی پالیسی‘‘ کے موضوع پر ایریا اسٹڈی سینٹر کی جانب سے منعقد کردہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت، سابق سیکریٹری خارجہ نجم الدین شیخ، ایڈیشنل کمشنر ون حیدرآباد معمر سالک مرزا، اصغر سومرو، ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو و دیگر بھی موجود تھے۔ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ چیئرمین نے کہا کہ برما میں جب بھی فوج بغاوت کے ذریعے برسرار اقتدار آئی تو وہ ایک طویل مدت تک قابض رہی، جس کی وجہ سے وہاں ادارے کمزور ہوئے اور لسانی و ثقافتی مسائل اور فرقہ وارانہ تشدد میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج مغربی دنیا جو کہ خود کو تہذیب و انسانی حقوق کی علمبردار سمجھتی ہے، وہ برما، فلسطین و کشمیر مسئلے پر خاموش تماشبین بنے ہوئے ہیں۔ برما کا مسئلہ نیا نہیں ہے، تاریخ کے اوراق پلٹنے سے پتہ چلتا ہے کہ غیر جمہوری قوتوں نے اقتدار کو طول دینے کے لیے ہمیشہ خونریزی کرانے کے ہتھکنڈے استعمال کیے۔ انہوں نے کہا کہ جب فلسطین میں اسرائیلی فوجی خونریزی کرتے ہیں اور کشمیر میں خواتین و بچوں پر پلیٹ بلٹ استعمال کرکے انہیں نابینا بنایا جاتا ہے تو انسانی حقوق کی کونسی عالمی تنظیم نے اس معاملے پر آواز اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی کبھی کشمیر و فلسطین کے توجہ طلب طلب مسائل پر کوئی قرارداد پاس نہیں کی، وہ اس لیے کہ امریکا ایشیا میں بھارت کو پولیس والا بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف ہی محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل میں ملوث ہیں۔ نا صرف یہ بلکہ انہوں نے آئین، قانون و جمہوریت کا بھی قتل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مشرف دلیر ہیں تو پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نثار کھوڑو، شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت، سابق سیکریٹری خارجہ نجم الدین شیخ ، ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر حماد اللہ کاکیپوٹو، معروف صحافی اصغر سومرو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :