سپیشل بچے ہماری بھرپور توجہ کے مستحق ہیں،صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:36

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء)صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد شفیق نے کہا ہے کہ سپیشل بچے ہماری بھرپور توجہ کے مستحق ہیں‘ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے اور بہتر تعلیم وتربیت کے لئے حکومت کے ساتھ ہم سب کو انفرادی طور پربھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن کے زیراہتمام سپیشل بچوں کے مابین مختلف مقابلوں‘ان کی بنائی اشیاء کی نمائش ودیگر غیر نصابی سرگرمیوں کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ساجد حسین چیمہ ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا،صوبائی وزیر نے کہا کہ سپیشل افراد کی فلاح و بہبود اور سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے حکومتی سطح پر بہترین اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں اور ایسے بچوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے اورانہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے حکومت تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے،تقریب میں سپیشل بچوں نے مختلف پروگرامز میں بہترین پرفارمنس پیش کی جس پر حاضرین نے انہیں بھرپور داد دی اور نمائش میں پیش کی گئی سپیشل بچوں کی اشیاء کی تعریف کی، اس موقع پر سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں سپیشل بچوں کیلئے ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے‘ پنجاب بھر میں ڈرائینگ ماسٹر‘ ووکیشنل ٹیچر کی آسامیاں متاثرہ سماعت لوگوں کیلئے مختص کی جائیں اور ہر سنٹر میں نئی آسامیاں پیدا کی جائیں،تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے مختلف پروگرامز میں حصہ لینے والے سپیشل بچوں‘ اداروں کے سربراہان‘ اساتذہ اور ڈی او سپیشل ایجوکیشن میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔