ملک میں ایسے بڑے چور ہیں جو جہازوں ، ریل انجنوں ، جنگلات اور معدنیات کو معدے میں ہضم کرلیتے ہیں،سراج الحق

وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر کرپشن کے الزامات ہیں، کلین چٹ ملنے تک انہیں وزارت سے الگ ہوجانا چاہئے،امیرجماعت اسلامی

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:34

ملک میں ایسے بڑے چور ہیں جو جہازوں ، ریل انجنوں ، جنگلات اور معدنیات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں ایسے بڑے چور ہیں جو جہازوں ، ریل انجنوں ، جنگلات اور معدنیات کو معدے میں ہضم کرلیتے ہیں ۔ پی آئی اے کے جہاز کی گمشدگی کی تحقیقات ہونی چاہئیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر کرپشن کے الزامات ہیں، کلین چٹ ملنے تک اسحاق ڈار کو وزارت سے الگ ہوجانا چاہئے۔

مسلم لیگ وہ فیصلے کرتی ہے جو انہیں پسند ہوں۔ ہم الیکشن کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں۔ طاقتور ہو یا کمزور سب کا یکساں احتساب ہونا چاہئے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں نجی تعلیمی ادارے (لیمپس کالج)کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا میں مسلمانوں کا اجتماعی قتل عام ہورہا ہے لیکن امت مسلمہ پر قبرستان جیسی خاموشی طاری ہے۔

(جاری ہے)

عرب حکمرانوں نے امریکی طوفان متاثرین کے لئے ستائیس ملین ڈالر امداد دی لیکن برمی حکومت کے مظالم کے شکار مسلمانوں کے لئے مسلم حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا۔ حکمرانوں نے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے قرض لے کر پاکستان کے بچے بچے کو مقروض بنادیا ہے۔موجودہ ملک نظام چوروں اور سٹیٹس کو کا ہے۔ ہمارا مقابلہ امریکہ کے یاروں اور امت کے غداروں سے ہے۔

نوجوان اس نظام بد کے خلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔پاکستان میں یکساں نظام تعلیم چاہتے ہیں، 98ویں آئینی ترمیم کے بعد تعلیم کی لوکلائزیشن پاکستان کو شعوری یا لاشعوری طور پر تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔ہم سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لئے ایک نصاب اور ایک کتاب بنائیں گے۔ ہم لائیریریوں اور لیبارٹریوں کا آباد کرنا چاہتے ہیں۔

تعلیم کے لئے مختص بجٹ نہایت کم ہے ہم اسے 5فیصد تک لے جائیں گے تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ ہو۔ جماعت اسلامی ظالم جاگیرداروں ، کرپٹ سرمایہ داروں ،امریکی غلاموں اور یاروں کی پارٹی نہیں، یہ عام پاکستانیوں کی جماعت ہے، ہم اس ملک کو ایک قوم اور قوم کو پاکستانی قوم بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو سپر پاؤر اور دنیا کا امام بنانا چاہتے ہیں۔ کرپٹ حکمرانوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے ۔ تقریب سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان اور پرنسپل نے بھی خطاب کیا، تقریب میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حمداللہ جان، ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان سمیت طلباء اور عمائدین کی بڑی تعداد شریک تھی۔

متعلقہ عنوان :