وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کے موقع پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اُجاگر کیا ‘ برجیس طاہر

بھارت خطے میں انتشار ،بدامنی کو ہوا دے رہا ہے ،ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیری عوام پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے تو دوسری جانب ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر آئے روز بلااشتعال فائرنگ سے ایک جنگ کی سی کیفیت قائم کیے ہوے ہے جو کسی المناک حادثے کا سبب بن سکتا ہے

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:34

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کے موقع پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اُجاگر کیا ہے،وزیراعظم نے محمدنوازشریف کی پالیسیوں اور وژن کے مطابق اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کی بات کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید پامالی کو بھی بے نقاب کیا۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمدنوازشریف کا کشمیر سے متعلق بڑا واضح موقف رہا ہے اور انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت دُنیا کے تمام فورمز پر اس امر کو واضح کیا کہ کشمیری عوام کی اُمنگوں کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے محمدنوازشریف کے اسی موقف اور پالیسی کو بڑے جامع انداز میں اپنے جنرل اسمبلی کے خطاب کے دوران دُنیا کے سامنے رکھا۔

انہوںنے وزیراعظم کے جنرل اسمبلی کے خطاب کو سہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے موثر اور جامع خطاب سے پاکستان کے موقف کو نہ صرف بامقصد انداز میں سنا گیا بلکہ اس کو پذیرائی بھی حاصل ہوئی ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور اس ضمن میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی مضبوط انداز میں دُنیا کے سامنے پیش کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان سے متعلق اپنی پالیسی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان کو افغانستان میں بھارت کا منفی کردار قابل قبول نہیں ہے اور یہ پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے ۔وفاقی وزیرنے کہا کہ بھارت خطے میں انتشار اور بدامنی کو ہوا دے رہا ہے جس میں ایک طرف وہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیری عوام پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے تو دوسری جانب ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر آئے روز بلااشتعال فائرنگ سے ایک جنگ کی سی کیفیت قائم کیے ہوے ہے جو کسی المناک حادثے کا سبب بن سکتا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی بھارت نے ورکنگ باونڈری پر بے اشتعال فائرنگ کرکے خواتین سمیت چار افراد کو شہیدکر دیا ہے جب کہ اسی قسم کی فائرنگ کے واقعات ایل او سی پر روز کا معمول بن چکے ہیں جس کے نتیجے میں ایل او سی پر رہنے والے کشمیری بھارت کی بے اشتعال فائرنگ کا نشانہ بن رہے ہیں انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ڈیمو گرافی تبدیل کر نے کے لیے ایک مذموم سازش کے تحت معصوم کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام روزانہ کی بنیاد پر اپنے پیاروں کے جنازے اٹھا رہے ہیں جبکہ بین الاقوامی برادری اپنے سیاسی و معاشی مفادات کے پیش نظر ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور خطے میں موجودتناعات کا حل پرامن طریقے اور بامقصد مزاکرات کے ذریعے چاہتا ہے لیکن بھارت کا ہٹ دھرم رویہ اور اشتعال انگیزی اس کی راہ میں ایک بڑی رکارٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ذمہ دار ملک ہونے کا اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے کہ جس نے دُنیا سے دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانی پیش کی ہے جبکہ اس کی معیشت کو 120 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ، جس کی وجہ سے آج دُنیا کو القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں سے چھٹکارامل چکا ہے اور ملک کے کونے کونے پر حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے انہوںنے کہاکہ امن کی وجہ سے میران شاہ جیسی جگہ پر بھی کرکٹ کے میچ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جو اس خطے میں امن واستحکام کا واضح ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دُنیا کے امن کی خاطر اپنی استطاعت سے بڑھ کر قربانی دی ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جانا چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ اب بین الاقوامی برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دُنیا کے امن اور خصوصی طور پر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورمسلم لیگ (ن) کی حکومت محمدنواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف نے دُنیا میں ہمیشہ پاکستان کا تشخص ایک ذمہ دار جمہوری ملک کے طور پر کرایا اور اسی پالیسی پر کاربند ہو کر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع و دیگر سائڈ لائن میٹنگز میں قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے موقف کو دُنیا کے سامنے رکھا ہے جس میں انہیںکامیا بی حاصل ہوئی ہے۔