صوابی، ٹوپی کو تحصیل کا درجہ دینا،سوئی گیس کی فراہمی اور گدون صنعتی بستی کا قیام جے یو آئی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ، مولانا عطاء الحق درویش

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:28

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) جے یو آئی ف کے صوبائی نائب اور ضلعی امیر مولانا عطاء الحق درویش نے کہا ہے کہ جے یو آئی اقتدار میں آکر گدون صنعتی بستی کی مراعات بحال کرے گی ،ٹوپی کو تحصیل کا درجہ دینا ،سوئی گیس کی فراہمی اور گدون صنعتی بستی کا قیام جے یو آئی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوپی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس میں طارق اقبال ،سفید گل ،محمد اعجاز ،سید وہاب ،علی زمان ،ضیاء الرحمن اور دیگر نے خاندانوں سمیت جے یو آئی (ف) میں شامل ہونے کا اعلان کیا ،اجتماع سے سینئر نائب امیر غفور خان جدون ،تحصیل ٹوپی کے امیر مولانا روشن زیب اور مولانا ایوب نے بھی خطاب کیا ،مولانا عطاء الحق درویش نے کہا جے یو آئی نے ضلع بھر میں شمولیتوں کے اجتماعات کا آغاز کردیا ہے ،جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شمولیت کررہے ہیں ،پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ایجوکیشن سروس ایکٹ کی بھرپور مخالفت کرے گی اور اساتذہ و طلباء کے شانہ بشانہ اس کے خلاف اسمبلی اندر و باہر بھرپور کردار ادا کریں گے ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ایک ایجنڈے کے تحت صوبے میں بے حیائی ،عریانی کو فروغ دے رہی ہے ،اکثر سکولوں کے گیٹ پر جو لوگو لگایا گیا ہے اس سے ہم جنس پرستی اور بے حیائی کا پیغام مل رہا ہے ،جے یو آئی اس کے خلاف بھرپور کردار ادا کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :