حکومت پنجاب نے یونیسیف کے تعاون سے ضلع قصور سے رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ‘ ملک احمد خاں

دیہاتوں میں صفائی ستھرائی اور نکا سی آب کے نظام میں انقلابی تبدیلی آئیگی ‘پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر قصور کی 6یونین کونسلز سے اس پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے ‘یہ پروگرام میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل کی مکمل خود مختاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ‘منتخب نمائندے عوام کی مدد سے اس پروگرام کو کامیاب بنائینگے ‘پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس پروگرام کوپنجاب بھر میں متعارف کروایا جائیگا ‘ترجمان پنجاب حکومت ،چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندرحیات خاں اور صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمد اسلم کمبوہ کا رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:22

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) حکومت پنجاب نے یونیسیف کے تعاون سے ضلع قصور سے رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، اس پروگرام سے دیہاتوں میں صفائی ستھرائی اور نکا سی آب کے نظام میں انقلابی تبدیلی آئیگی ،پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر یونیسیف کے تعاون سے قصور کی 6یونین کونسلز سے اس پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، یہ پروگرام میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل کی مکمل خود مختاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ،منتخب نمائندے عوام کی مدد سے اس پروگرام کو کامیاب بنائینگے، لوگوں میں اس پروگرام کی افادیت کا شعور پیدا کر کے اسے کامیاب بنایا جائیگا ،پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس پروگرام کوپنجاب بھر میں متعارف کروایا جائیگا ۔

ان خیالات کا اظہار ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خاں ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندرحیات خاں اور صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمد اسلم کمبوہ نے رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کی کھائی ہٹھاڑ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں ‘ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر ‘وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘چیئر مین یونین کونسلز چوہدری محمد حیات ‘میاں منور ‘مہر اصغر ‘کامران ڈوگر ‘اختر یٰسین ‘ایکسئین پبلک ہیلتھ چوہدری ناصر اقبال ‘چیف آفیسر زاور دیگر بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے یونیسیف کے تعاون سے ضلع قصور کی 6یونین کونسلز کھائی ہٹھاڑ ‘ڈھولن ‘تلونڈی ‘بیرون کھڈیاں ‘جھنڈ والا اور مولا پور سے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ اس پروگرام کی بدولت گائوں کی سطح پر صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات میں بہتری آئے گی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو حکومت کی جانب سے بھرپور سرپرستی حاصل ہو گی تا ہم اسکا نظم و نسق چلانے کیلئے یونین کونسل کو مکمل خود مختاری حاصل ہو گی اور وہ اپنے گائوں کی سطح پر عوام الناس کے تعاون سے اس پروگرام کو کامیاب بنائینگے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پروگرام کی بدولت گائوں کی سطح پر صفائی ستھرائی کیساتھ ساتھ علاقے کی خوبصورتی اور آلودگی سے پاک ماحول میسر آئے گا۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمد اسلم کمبوہ اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ یونیسیف کے تعاون سے شروع ہونے والے اس پروگرام کو عوامی نمائندوں کی مدد سے ہر قیمت پر کامیاب بنایا جائیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لوکل گورنمنٹ قانون میں ترامیم کر دی گئی ہے جس کے تحت صفائی ستھرائی اور دیگر معاملات پر تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا اختیار یونین کونسل کو دیدیا گیا ہے ۔

چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ضلع کونسل اپنے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کو کامیاب بنائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ ضلع کونسل ان منتخب یونین کونسلز میں کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے ٹرالیاں فراہم کریگی تا کہ کوڑا کرکٹ کو بروقت مخصوص جگہ پر ٹھکانے لگایا جا سکے ۔

قبل ازیں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمد اسلم کمبوہ کے زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنرز چونیاں عائشہ غضنفر ‘کوٹ رادھاکشن سیف اللہ ساجد ‘پتوکی انعم اختر ‘چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور ایاز احمد خاں ‘وائس چیئر مین چوہدری محمد احمد لطیف ‘تمام میونسپل کمیٹیز کے چیئر مینز اور چیف آفیسرز نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات بارے بریفنگ دی ۔

متعلقہ عنوان :