اپنی لیڈر کے قاتل کو پیپلز پارٹی کی حکومت نے گارڈ آف آنر پیش کیوں کیا تھا ، فقیر بخاری

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی جانب سے پرویز مشرف پر کی گئی تنقید پر اے پی ایم ایل کے سینئررہنما کا ردعمل

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:15

اپنی لیڈر کے قاتل کو پیپلز پارٹی کی حکومت نے گارڈ آف آنر پیش کیوں کیا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سید پرویز مشرف پر کی گئی تنقید پر اے پی ایم ایل کے سینیئرراہنما سید فقیر حسین بخاری نے ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اے پی ایم ایل کے سینئر رہنما سید فقیر حسین بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف بی بی کے قتل میں ملوث تھے تو 2008میں گیلانی سمیت پوری کابینہ نے ان کو حلف کیوں دیا تھا، اپنی لیڈر کے قاتل کو پیپلز پارٹی کی حکومت نے گارڈ آف آنر پیش کیوں کیا ، سید فقیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف ایس ایس جی کمانڈو ہیں اور ان کی شجاعت اور بہادری سے پوری دنیا واقف ہے، خورشید شاہ کو چاہئیے کہ سید پرویز مشرف کی ہسٹری کا مطالعہ کریں، خورشید شاہ بھارت سے پوچھیں کہ پرویز مشرف کیسے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالتے ہیں، آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر راہنما سید فقیر حسین بخاری کا کہنا ہے کہ کئی بار حکومت میں آنے کے باوجود پیپلز پارٹی کی قیادت نے ذوالفقار علی بھٹو کے قاتل کا سراغ کیوں نہیں لگایا، پرویز مشرف ملک سے بھاگے نہیں ہیں،وہ واپس آئیں گے اور عدالتوں میں پہلے بھی پیش ہوئے جبکہ آئندہ بھی ہوں گے، بی بی قتل کے بعد پرویز مشرف سات ماہ جبکہ زرداری پانچ سال صدر رہے انہوں نے قتل کی تحقیقات کیوں نہیں کروائیں، بے نظیر بھٹو عظیم لیڈر تھیں مگر آج پیپلز پارٹی کی قیادت پر ہنسی آتی ہے، سید فقیر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اپنے قائدین کے خون کی بجائے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کرے، اپنی بیوی،سسر اور سالے کی قبر پر محل تعمیر کرنے والا عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتا، لوگ زرداری کی حقیقت جان چکے ہیں اسی وجہ سے پیپلز پارٹی نے حالیہ انتخابات میں صرف ڈیڑھ ہزارووٹ لئے جوکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔