وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کی ملاقات

باہمی دلچسپی،نیشنل ایکشن پلان، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول کے حوالہ سے تبادلہ خیال کشمیر پاکستان کی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے ، پاکستان کی ترقی میں کشمیرکا کردار انتہائی اہم ہے ، راجہ فاروق حیدر

ہفتہ 23 ستمبر 2017 19:00

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے قومی سلامتی کے مشیرلیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کی ملاقات۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی،نیشنل ایکشن پلان، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے جموںوکشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر جاندار موقف ، آزاد کشمیرکی تعمیر و ترقی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی بے لوث اور مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ہر سطح پر کشمیریوں کی بہترین وکالت ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے ، پاکستان کی ترقی میں کشمیرکا کردار انتہائی اہم ہے ، وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے دنیا کے سب سے بڑے فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی افواج کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم نہیں کر سکتی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جب سے پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت آئی ہے بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا ذکر ہونا شروع ہو گیا ہے جس سے کشمیریوں کی تحریک میں نیا جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے جبکہ اس سے قبل اس حوالہ سے اتنی جاندار پالیسی نہیں تھی، ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی سے معصوم شہریوں کی ہلاکت کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :