پی کے ایل آئی پاکستان میں میڈیکل کے شعبہ میں گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا ، خواجہ سلمان رفیق

پاکستان کڈنی لیور انسٹی ٹیٹو کے پہلے فیز کا افتتاح دسمبر میں کردیاجائے گا ،غیر ممالک سے پاکستانی ڈاکٹرز پی کے ایل آئی میں خدمات سرانجام دینے کیلئے اکتوبرمیں آنا شروع ہوںگی' صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 18:48

پی کے ایل آئی پاکستان میں میڈیکل کے شعبہ میں گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ پاکستان کڈنی لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر پاکستان میں میڈیکل کے شعبہ میں گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا جس سے ہیلتھ کے شعبہ کی ترقی میں وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی خدمات کا نیا باب رقم ہوگا ،اس منفرد منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے اور پی کے ایل آئی کے پہلے فیز کا افتتاح دسمبر میں ہوجائے گا اور امراض گردہ و جگر کے مریضوں کو علاج معالجہ کی انڈور سہولیات ملنا شروع ہوجائیں گی۔

انہوں نے یہ بات پاکستان کڈنی ، لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سٹیرنگ کمیٹی کاا جلاس پی کے ایل آئی کے سائٹ آفس بیدیاں روڈ پر منعقد ہوا جس میں صدر پی کے ایل آئی ڈاکٹر سعید اختر، جنرل مینجر پراجیکٹ آئی ڈی اے پی علی خان، اقبال شیخ ممبر کمیٹی ، کمانڈنٹ ایلیٹ فورس کرنل علی نواز جنجوعہ ، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عبدالحق بھٹی ، لیسکو، سوئی گیس ، واسا ، ایل ڈی اے ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔

انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے جنرل مینجر پراجیکٹ علی خان نے منصوبے پر کام کی رفتار اور ٹائم لائن کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ تمام متعلقہ سپورٹنگ ڈیپارٹمنٹس نے اپنے اپنے حصے کے کام پر پیش رفت بارے اجلاس کو اپ ڈیٹ کیا لیسکو کے نمائندے نے بتایاکہ پی کے ایل آئی کے گرڈ سٹیشن کو برقی رو سے منسلک کردیاگیاہے اور لوڈ تیار ہے۔ آئی ڈی اے پی کے علی خان نے بتایاکہ پیکج ون کے تحت ہسپتال کا پہلی فیز نومبر کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ بلڈنگ میں ایچ وی اے سی سسٹم کی ڈکٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے ، گرے سٹرکچر ہر طرح سے مکمل کرلیاگیاہے۔بانڈی وال کی تعمیر کا 90 فیصد سے زائد کام مکمل ہے۔ ہسپتال میں مسجد، پی کے ایل آئی بازار، پیشنٹ ٹاور بھی تعمیر کیاجارہاہے ، میڈیکل آلات ، وینٹیلیٹرز، ڈائلسز مشینیں ،سی ایس ایس ڈی ،لانڈری، ایم آر آئی ، لیبارٹری، روبوٹ سرجری اور دیگر سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل آلات کی خریداری کا عمل جاری ہے۔

ہسپتال کے سیوریج 36انچ قطر کی پائپ کو بیدیاں روڈ کی مین پائپ لائن سے ملایاجائے گا جبکہ سڑکات کو چوڑا کرنے اور سوئی گیس کی فراہمی دیگر امور بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ڈاکٹر سعید اختر نے بتایاکہ پی کے ایل آئی میں خدمات سرانجام دینے کے لئے امریکہ اور برطانیہ و دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز اکتوبرسے آنا شروع ہوجائیں گے۔ ابتدا میں ان کی رہائش کیلئے کوٹھیاں کرایہ پر لی جائیں گی۔ ڈاکٹر سعید اختر نے کہاکہ پی کے ایل آئی میں غریبوں کو وزیراعلی کی پالیسی کے مطابق بالکل مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :