چیچہ وطنی، پولیس تھانہ غازی آباد کی گاڑی سے فرار ہونیوالے 3 ڈاکومبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گئے

ہفتہ 23 ستمبر 2017 18:50

چیچہ وطنی، پولیس تھانہ غازی آباد کی گاڑی سے فرار ہونیوالے 3 ڈاکومبینہ ..
چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) پولیس تھانہ غازی آباد کی گاڑی سے فرار ہونے والے 3 ڈاکومبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گئے۔ پولیس مقابلہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ریاست نامی پولیس کانسٹیبل بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ غازی آباد کی گاڑی سے فرار ہونے والے ڈاکو انتہائی خطرناک تھے اور یہ بین الاضلاعی ڈکیتی،قتل اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میںپولیس کو مطلوب تھے۔

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں اقبال عرف بالی سکنہ گوگیرہ،عمر شہزاد سکنہ 277 گ ب اور اعجاز عرف ججی سکنہ220 گ ب فیصل آباد شامل ہیں۔ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں نے گذشتہ دنوں ایم این اے چوہدری محمدمنیر ازہر کے پوتے سلیمان فاروق کی گاڑی پر فائرنگ بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گزشتہ رات ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے ان کو اس وقت پولیس وین پر حملہ کر کے چھڑوا لیا تھا جب پولیس پارٹی ان کو مال مسروقہ کی برآمدگی کے لئے لیکر جا رہی تھی۔

ابتدائی واقعہ164 نائن ایل کے قریب پیش آیا جس کے بعد پولیس نے مفرور ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھا اور 65بارہ ایل کے قریب تھانہ شاہکوٹ اور تھانہ بنگلہ اوکانوالہ کی بائونڈری پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 مذکورہ بالا ڈاکوؤں ہلاک ہو گئے۔پولیس کو مفرور ملزمان کے پاس سے اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل بھی ملی ۔

پولیس مقابلے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ڈیس ایس پی سرکل چیچہ وطنی محمد عاطف معراج کے اعلی افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔پولیس مقابلہ کے بعد ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کو پوسٹ مارٹم کے لئے پولیس تھانہ بنگلہ اوکانوالہ کے ذریعے منتقل کیاگیا اور زخمی ہونے والے پولیس کانسٹیبل ریاست علی ڈوگر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی طبی امداد دی گئی جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :