پرویز مشرف بینظیر کے قاتل ہیں، لندن اور دبئی میں بیٹھ کر عیاشیاں کر رہے ہیں،

میاں رضا ربانی پارلیمان سب سے کمزور ترین ادارہ ہے، آئین کے مطابق پارلیمنٹ کوسب سے زیادہ مضبوط ادارہ ہونا چاہیے،چیئرمین سینیٹ دنیا کے کسی بھی مسلم ملک میں مسئلہ ہوا تو پاکستان بیڑا اٹھاتاہے، پاکستان کو ٹرمپ جیسا آدمی کٹہرے میں کھڑا کرے تو کوئی مسلم ملک پاکستان کیلئے ڈھال نہیں بنتا،جامشورو میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 18:44

پرویز مشرف بینظیر کے قاتل ہیں، لندن اور دبئی میں بیٹھ کر عیاشیاں کر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف بینظیر کے قاتل ہیں، لندن اور دبئی میں بیٹھ کر عیاشیاں کر رہے ہیں، اگر وہ دلیر ہیں تو عدالتوں کا سامنا کریں۔جامشورو میں میڈیا سے گفتگو میں پی پی رہنما نے سابق صدر پرویز مشرف کے بے نظیر بھٹو کے قتل سے متعلق بیان پر رد عمل میں کہا کہ بے نظیر نے مختلف خطوط میں مشرف کے بارے میں لکھا لہٰذا پرویز مشرف قاتل ہیں ۔

انتخابی اصلاحات ترمیمی بل کی منظوری پران کا کہنا تھا کہ آئین کی حکمرانی نہ ہو اور ادارے کمزور ہوں تو ایسی باتیں ہوتی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کسی بھی الیکشن کے بعد سیاسی صورتحال بہتر ہوتی ہے، آئین کی حکمرانی نہ ہو اور ادارے کمزور ہوں تو ایسی باتیں ہوتی ہیں، پارلیمان سب سے کمزور ترین ادارہ ہے، آئین کے مطابق پارلیمنٹ کوسب سے زیادہ مضبوط ادارہ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

رضاربانی نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مسلم ملک میں کوئی مسئلہ ہوا تو پاکستان بیڑا اٹھاتاہے، جب پاکستان کو ٹرمپ جیسا آدمی کٹہرے میں کھڑا کرے تو کوئی مسلم ملک پاکستان کے لیے ڈھال نہیں بنتا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے ویڈیو بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بے نظیر بھٹو اور مرتضی بھٹو کے قتل کے ذمہ دار آصف زرداری ہیں۔