پاناما کے بعد باقر نجفی رپورٹ شریفوں کے گلے کی گھنٹی ہی:عوامی تحریک کا مشاورتی اجلاس

پیاز،ٹماٹر کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کی مذمت ،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ ْنوازشریف ایک سیاسی برائی ،باقیات کا خاتمہ بھی ضروری ہے، خرم نواز گنڈاپورکا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 23 ستمبر 2017 18:17

پاناما کے بعد باقر نجفی رپورٹ شریفوں کے گلے کی گھنٹی ہی:عوامی تحریک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے عوامی تحریک کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کے بعد جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ قاتل برادران کے گلے کی گھنٹی ہے، یہ جتنا دوڑیں گے اتنا بجے گی۔ جس طرح پاناما کیس سے بچنے کیلئے اشرافیہ کا کوئی ہتھکنڈا ان کے کام نہیں آیا اسی طرح جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ بھی انہیں ورثاء کے حوالے کرنا پڑے گی۔

پاکستان کو شہید ارسلان جیسے بیٹوں کی ضرورت ہے، نہال، طلال، دانیال جیسے درباریوں کی نہیں۔نوازشریف ایک سیاسی برائی ،پاکستان بچانے کیلئے اس کی کاسہ لیس باقیات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔پارلیمنٹ نے نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بنانے کی شق منظور کر کے دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔

(جاری ہے)

ایسا گھٹیا قانون دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ہے۔اس شق کی منظوری سے پاکستان کا اسلامی، جمہوری، فلاحی تشخص داغدار ہوا۔

سپریم کورٹ اس کا نوٹس لے۔یہ ملک ایماندار ،عزت دار لوگوں کا ہے ،جھوٹوں ،لٹیروں کو مرضی کے قانون بنانے اور توڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اجلاس میں لائرز ونگ، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، ویمن لیگ، علماء ونگ، تاجر ونگ سمیت سینئر رہنمااجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاک فوج کے نوجوان افسر لیفٹیننٹ ارسلان کی دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ارسلان کی جرأت و بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی شہادتوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا، بھارتی فائرنگ کی مذمت اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاگیا ۔اجلاس میں ملک میں مہنگائی کی لہر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور ایک قرارداد کے ذریعے نیپرا سے مطالبہ کیا گیا کہ بجلی کے فی یونٹ قیمت میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور بین الاقوامی قیمتوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں۔

ایک قرارداد کے ذریعے پیاز، ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا مصنوعی اضافہ کی بھی مذمت بھی گئی اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں شریک رہنمائوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جب وزیر پٹرولیم تھے تو تب بھی پٹرولیم کی مصنوعی قلت کا خوفناک بحران آیا تھا اور وزیراعظم بننے کے بعد ایک بار پھر پٹرول پمپوں کے باہر لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں جو عوام دشمنی پر مبنی قابل مذمت گورننس ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران کی کرپشن کے کیسز کو فوج سے تعلقات کی خرابی یا عدلیہ کے انتقام سے جوڑنا ایک گمراہ کن ،قابل مذمت اور دشمن ملک کا بیانیہ ہے ،شریف خاندان تین دہائیوں پر مبنی لوٹ مار پر پکڑ میں آیا ہے۔پاکستان کی سیاست میں چوروں کے اس ٹبر کی اب کوئی گنجائش نہیں

متعلقہ عنوان :