بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستانی سرحدی دیہاتوں پر حملے کر رہا ہے،

بھارت کی ایسی مذموم کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، ہم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں، بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کے نقصانات کے ازالہ کی کوشش کرینگے، سرحدی علاقوں کے مکینوں کو بھارتی جارحیت سے محفوظ رکھنے کیلئے مستقل بنیادوں پر بینکرز تعمیر کر رہے ہیںاور ہماری افواج شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار ہیں، وفاقی وزراء پروفیسر احسن اقبال اور قانون زاہد حامد کی سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی گولہ باری سے متاثرہ افراد کی عیادت کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 17:45

بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستانی سرحدی دیہاتوں پر حملے ..
سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال اور وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے زخمی افراد کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی ، انہیں پھول پیش کئے اور زخمیوں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے سرحدی گاؤں پر بھارت کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسی کارروائیاں کر رہا ہے، بھارت کی ایسی مذموم کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، ہم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں، حکومت بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کی عیادت بھی کرے گی اور ان کو ہونے والے نقصانات کے ازالہ کی کوشش بھی کرے گی، سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں میں بسنے والے محب وطن ہیںاور سرحدی عوام دشمن سے خوفزدہ نہیں ہیں ، پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھائے گا،پاکستان پر امن ملک ہے اورپاکستانی پر امن قوم ہے، اس طرح کوئی پاکستان پر رعب قائم نہیں کر سکتا اور یہ بھارت کی بھول ہے کہ وہ پاکستان کے نہتے شہریوں پر گولہ باری کے ذریعے کسی طرح کا دبائوقائم کر سکے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خاںنے کہا کہ ان کا حلقہ انتخاب این ای114سرحدی دیہات پر مشتمل ہے جہاں بسنے والے غریب لوگ نڈر اورمحب وطن ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ان کے خون کا ایک ایک قطرہ پاکستان کے تحفظ کی علامت ہے اور ہم ان سرحدی علاقوں کے مکینوں کو بھارتی جارحیت سے محفوظ رکھنے کیلئے مستقل بنیادوں پر بینکرز تعمیر کر رہے ہیںاور ہماری افواج شہریوں کی حفاظت کے لئے ہر دم تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی کسی جارحیت سے مرعوب ہونے والے نہیں اور نہ ہی ہم دبنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان زخمیوں کی ہر طرح کی سرپرستی کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور ہم کسانوں کی فصلوں ، مال مویشیوں اور جان و مال کے ہونے والے نقصانات کے ازالہ کے لئے اقدامات کریں گے ۔ ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی ، اراکین صوبائی اسمبلی چودھری طارق سبحانی ، رانا لیاقت علی بھلور، رانا محمد افضل ،چودھری محمد لطیف وینس ، چودھری رفیع راں،صوفی محمد اسحاق سمیت دیگر مسلم لیگی رہنما بھی موجود تھے ۔