فیصل آباد:اغواء اور ڈکیتی کی واردات :ڈی ایس پی خاور سلیم وڑائچ کے بیٹے کیخلاف مقدمہ

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:43

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2017ء) آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے اغواء اورڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈی ایس پی خاور سلیم وڑائچ کے گرفتار بیٹے عماد وڑائچ کے خلاف مقدمہ در ج کرواتے ہوئے ملزم کی حمایت کرنے والے تھانیدار امتیاز کے خلاف مقدمہ درج کرواکر اسے حوالات میں بند کروا دیا‘ آن لائن کے مطابق کینال گارڈن کی رہائشی دوشیزہ رو بینہ نے بتایا کہ وہ UK نیشنلٹی ہولڈر ہے وہ اپنی دادی کی تیمار داری کے لئے فیصل آباد آئی ہوئی تھی گزشتہ شام رو بینہ اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ کار میں سوار ہو کر شاپنگ کرنے کے لئے آئی ‘ کوہ نور چوک میں ڈی ایس پی خاور سلیم وڑائچ کے بیٹے عماد وڑائچ اور اس کے ساتھیوں نے ان دونوں بہنوں کو روک لیا ‘ گن پوائنٹ پر رو بینہ کو اغواء کرنے کی کوشش کی مزاحمت کرنے پر ملزمان نے دست درازی بھی کی اور ان سے زیورات چھین لئے تاہم موقع پر موجود لوگوں نے ون فائیو پر اطلاع کر دی‘ پولیس موقع پر پہنچ گئی او رڈی ایس پی کے بیٹے عماد وڑائچ کو قابو کر لیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے‘ اس صورت حال کا علم ہونے پر آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے فوری طور پر ان ملزمان کے خلاف تھانہ پیپلز کالونی میں مقدمہ درج کروا دیا اور ڈی ایس پی کے بیٹے عماد وڑائچ کی گرفتاری ڈلوا دی جس کے بعد شہر کی بااثر شخصیات اس معاملے کو رفع دفع کروانے کے لئے متحرک ہو گئیں اس مقدمہ کے تفتیشی سب انسپکٹر امتیاز نے ڈی ایس پی خاور سلیم وڑائچ کے ملزم بیٹے عماد وڑائچ کی غیر قانونی طور پر حمایت کی اور اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل نہ کیا ‘ گزشتہ رات کے آخری پہر اس صورت حال کا علم ہونے پر آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ شدید برہم ہو گئے اور انہوں نے فوری طور پر متعلقہ تھانیدار امتیاز کے خلاف اسی تھانے میں مقدمہ درج کروا کر اسے ملزم عماد وڑائچ کے ساتھ حوالات میں بند کروا دیا

متعلقہ عنوان :