چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کے محرم الحرام کے انتظامات کے معائنے کیلئے بلدیہ شرقی کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کو پیر تک مکمل کرلیا جائے ، پہلی محرم آتے ہی مجالس کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ہمارا مقصد عزادران حسین ؓ کو ماہ محرم میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے لہذا تمام تر جاری ترقیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور مزید بہتری کی گنجائش نکالتے ہوئے مزید اقدامات کیئے جائیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین عبدالرؤف خان اور میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی اختر شیخ کے ہمراہ بلدیہ شرقی کے مختلف علاقوں میں امام بارگاہوں کے اطراف اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین معید انو رنے یوسی10 امام بارگاہ شاہ نجف کے منتظمین سے ملاقات کی اور امام بارگاہ کے اطراف کا دورہ کرکے سڑکوں کی استرکاری اور دیگر بلدیاتی سہولیات کا جائزہ لیا ، اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو امام بارگاہ کے اطراف مزید اقدامات کرنے کی ہدایات دیں جس میں بالخصوص کچرے کی صفائی اور مارٹن روڈ سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایات دیں ، علاوہ ازیں انہوں نے تین ہٹی سے متصل سیوریج لائن کی تنصیب کے کاموں کا بھی معائنہ کیا ، اس موقع انہوں نے علاقہ مکین ، کے ایم کے افسران ، یوسی 13 کے وائس چیئرمین جمیل ، بلدیہ شرقی کے افسران اور ٹھیکیدارسے مشاورت کے بعد ترقیاتی کام کو تین دن کے اندر اندرمکمل کرنے اور دیگر ترقیاتی کاموں کو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے بعد یقینی بنانے کی ہدایات دیں ۔

(جاری ہے)

مزید براں چیئرمین معید انور نے نشتر پارک میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا جہاں 74 کیمروں کی مدد سے جلوس کے روٹس کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جارہی ہے، جبکہ نشتر پارک کے اطراف کیمروں کی مدد سے تمام مشتبیٰ افراد اور حرکت پرنظر رکھی جارہی ہے ، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر کمانڈ اینڈ کنڑول روم کی انتظامیہ کے کام کو سراہا ۔اس موقع پرایس ای ایسٹ شفیق الرحمن ، ایکسی این بی اینڈ آر جمشید و گلشن شاہد اشرف چوہدری اور توقیر عباس،ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ زاہد بن خلیل و دیگر افسران موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :