میڈیا ہائوس پر حملے ،پاکستان مخالف نعروں کے مقدمے میں ڈاکٹر فاروق ستار ،عامر خان کو نقول فراہم، آئندہ سماعت پر عدالت فرد جرم عائدکی جائیگی

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے میڈیا ہائوس پر حملے اورپاکستان مخالف نعروں کے مقدمے میں ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان کو نقول فراہم کردی ہیں۔ آئندہ سماعت پر عدالت فرد جرم عائد کرے گی۔ فاروق ستار نے کہاہے کہ نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکتا۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے واضح کردیا کہ اگر ان کی جماعت کے کسی رکن نے (ن) لیگ کی حمایت کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ہفتہ کوکراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں میڈیا ہائوس حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ فاروق ستارر، عامر خان اور قمر منصور سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ فاروق ستار اور عامر خان کو مقدمہ کی نقول فراہم کردی گئیں ۔

(جاری ہے)

آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد ہوگی۔کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں انتخابی اصلاحات کاجو بل پیش کیا وہ غیر قانونی تھا۔

بل اعتزاز احسن کی ترمیم کے بعد پیش ہونا چاہیئے تھا۔ کوئی نااہل شخص کسی بھی پارٹی کا سربراہ کیسے ہوسکتاہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہ کہ انتخابی اصلاحات پر پیپلزپارٹی کی ترمیم کی ایم کیوایم اور پی ٹی آئی نے حمایت کی اور اگر ایم کیو ایم کے کسی رکن نے ن لیگ کی حمایت کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے بتایا کہ کراچی پیکیج ایم کیو ایم کی وجہ سے نہیں بلکہ کراچی پیکیج کراچی والوں کے لیے ہے۔