ریاست پاکستان آج فاروقی ؓ صفت لیڈر کی تلاش میں ہے‘علامہ امداد اللہ قادری

حضرت عمر فاروق ؓ کا دور حکمرانی آئیڈیل ریاست کی تشکیل کیلئے مشعل راہ ہے ‘علامہ امداد اللہ حضرت عمر فاروقؓ کی خلافت کا نمایاں وصف عدل و انصاف ہے‘مرکزی صدر علماء کونسل منہاج القرآن

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) تحریک منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ الحاج امداد اللہ قادری نے کہا ہے کہ خلیفہ دوم مراد رسولﷺ،امیر المومنین حضرت عمر فاروق ؓ وہ باکمال ہستی ہیں جنہیں خود نبی کریم ﷺ نے غلاف کعبہ سے لپٹ کر رات کی تنہائی میں اپنے رب سے مانگا ہے،آپ ؓ کی خلافت کا نمایاں وصف عدل و انصاف ہے،عدل و انصاف کا یہ دائرہ صرف مسلمانوں تک محدود نہ تھا بلکہ مسیحی، یہودی، مسلم سب کیلئے یکساں تھا،آپ ؓ کے دور خلافت میں امیر، غریب، مفلس ،مالدار سب ایک ہی حال میں نظر آتے تھے،حضرت عمر فاروق ؓ کا یوم شہادت امت مسلمہ کے ایک ایک فرد کو دعوت فکر دے رہا ہے کہ وہ فکری و عملی طور پر اپنے تابناک ماضی سے جڑ کر عروج و روشنیوں کا سفر شروع کریں، آج ریاست پاکستان کو حضرت عمر فاروقؓ کی صفات والے لیڈر کی تلاش ہے جو حکمت و بصیرت اور تدبر سے پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکال کر ساحل مراد تک لے جائے۔

(جاری ہے)

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’فکر فاروقی، امت مسلمہ اور پاکستان ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ میر آصف اکبر، علامہ امداد اللہ شاہ، مفتی خلیل حنفی، حافظ طاہر ضیاء، علامہ لطیف مدنی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد حسین آزاد و دیگر بھی موجود تھے۔

علامہ امداداللہ قادری نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا دور حکمرانی آئیڈیل ریاست کی تشکیل کیلئے آج بھی مشعل راہ ہے۔ امت مسلمہ کی تنزلی کی بڑی وجہ اسلام کی حقیقی قدروں سے روح گردانی ہے۔ ریاست پاکستان کمزور سے کمزور تر ہوتی جارہی ہے۔اس کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو خطرات نے گھیر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام حالات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کی زریں تعلیمات کی روشنی میں اقتدار ایسے قابل اور باکردار لیڈر کو سونپیں جس کی زندگی کا ایک ایک لمحہ مصطفوی انقلاب کیلئے وقف ہو۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری آج کے دور میں فکر فاروقی کے امین ہیں۔

متعلقہ عنوان :