جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ قاتلوں کے گلے کی گھنٹی ، یہ جتنا دوڑیں گے اتنا بجے گی ‘عوامی تحریک کا مشاورتی اجلاس

شریف خاندان تین دہائیوں کی کرپشن پر پکڑا گیا،پاکستان کو شہید ارسلان جیسے بیٹوں کی ضرورت ہے، نہال، طلال، دانیال جیسے درباریوں کی نہیں‘خرم نواز گنڈاپورکا اجلاس سے خطاب/پیاز،ٹماٹر کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کی مذمت ،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ قاتلوں کے گلے کی گھنٹی ہے، یہ جتنا دوڑیں گے اتنا بجے گی جس طرح پاناما کیس سے بچنے کیلئے اشرافیہ کا کوئی ہتھکنڈا ان کے کام نہیں آیا اسی طرح جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ بھی انہیں ورثاء کے حوالے کرنا پڑے گی،پاکستان کو شہید ارسلان جیسے بیٹوں کی ضرورت ہے، نہال، طلال، دانیال جیسے درباریوں کی نہیں،نوازشریف ایک سیاسی برائی ،پاکستان بچانے کیلئے اس کی کاسہ لیس باقیات کا خاتمہ بھی ضروری ہے،پارلیمنٹ نے نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بنانے کی شق منظور کر کے دیوالیہ پن کا ثبوت دیا،ایسا گھٹیا قانون دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ہے،اس شق کی منظوری سے پاکستان کا اسلامی، جمہوری، فلاحی تشخص داغدار ہوا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ اس کا نوٹس لے،یہ ملک ایماندار ،عزت دار لوگوں کا ہے ،جھوٹوں ،لٹیروں کو مرضی کے قانون بنانے اور توڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں لائرز ونگ، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، ویمن لیگ، علماء ونگ، تاجر ونگ سمیت سینئر رہنمااجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں پاک فوج کے نوجوان افسر لیفٹیننٹ ارسلان کی دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ارسلان کی جرأت و بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی شہادتوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا، بھارتی فائرنگ کی مذمت اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاگیا ۔

اجلاس میں ملک میں مہنگائی کی لہر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور ایک قرارداد کے ذریعے نیپرا سے مطالبہ کیا گیا کہ بجلی کے فی یونٹ قیمت میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور بین الاقوامی قیمتوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں۔ ایک قرارداد کے ذریعے پیاز، ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا مصنوعی اضافہ کی بھی مذمت بھی گئی اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں شریک رہنمائوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جب وزیر پٹرولیم تھے تو تب بھی پٹرولیم کی مصنوعی قلت کا خوفناک بحران آیا تھا اور وزیراعظم بننے کے بعد ایک بار پھر پٹرول پمپوں کے باہر لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں جو عوام دشمنی پر مبنی قابل مذمت گورننس ہے۔