جنرل ہسپتال میں موٹاپے کے علاج کے حوالے سے پہلا جدید آپریشن کامیابی سے مکمل ،پرنسپل کی پروفیسر فاروق افضل کو مبارکباد

بغیر کٹ لگائے معدہ چھوٹا کیا جاتا ہے ، مریض کو دو دن سے زیادہ ہسپتال میں قیام نہیں کرنا پڑتا‘طبی ماہرین نجی شعبے میں اس طریقہ علاج پر 4 تا 6 لاکھ خرچ ہوتے ہیں ، ایل جی ایچ میں نادار افراد کا مفت علاج ہو گا،پی جی ایم آئی کے معا لجین نے غریب عوام کو جدید طریقہ علاج سے مستفید کرنے کیلئے مصمم ارادہ کر رکھا ہے ‘ پروفیسر غیاث النبی طیب بلڈ پریشر ، شوگر جوڑوں کے درد سے نجات اور ان بیماریوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی‘ پروفیسر آف سرجری کی گفتگو

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) موٹاپے کے مریضوں کیلئے خوشخبری، جنرل ہسپتال میں موٹاپے کے علاج کے حوالے سے پہلا جدید آپریشن (Laproscopic Sleeve Gastrectomy) کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ۔ پروفیسر محمد فاروق افضل اور ان کی ٹیم نے سرجیکل یونٹ ون میں یہ کارنامہ سر انجام دے کر لاہور جنرل ہسپتال کے نام ایک اور تاریخ رقم کر دی۔

پرنسپل پوسٹ گریجو ایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے اس اہم پیش رفت پرپروفیسر محمد فاروق افضل اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پی جی ایم آئی کے معا لجین نے غریب عوام کوجدید طریقہ علاج سے مستفید کرنے کا مصمم ارادہ کر رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایل جی ایچ میں جدید طریقہ علاج کو متعارف کروانے کا سلسلہ عرصہ سے جاری ہے اور یہ صرف تحقیق ہی کی بدولت ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے تمام شعبوں میں تحقیق کے حوالے سے کیا جانے والا کام بلا شبہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے ویژن اور محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی ترجیحات کی روشنی میںجنرل ہسپتال میںاہم اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں انشاء اللہ ہم مزید کارہائے نمایاں سر انجام دینے کے لئے پر عزم ہیںپروفیسر غیاث النبی طیب نے اسے لاہور جنرل ہسپتال کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں مزید پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا جا ئے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے بتایا کہا کہ موٹاپا ایک بہت بڑی بیماری ہے جس سے مریض کو بلڈ پریشر، شوگر، جوڑوں کے درد کی تکالیف کے علاوہ دیگر بیماریوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹاپے کیلئے جدید طریقہ علاج سے نہ صرف اس مرض کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ پیدا ہونے والی دیگر بیماریوں پر بھی قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں یہ آپریشن بغیر چیر پھاڑ کے کیا جاتا ہے ۔ جس میں مریض کا معدہ چھوٹا کر دیتے ہیں۔ اس آپریشن کے بعد مریض جلد صحت یاب ہو کر ایک آدھ روز میں ڈسچارج ہو کر گھر چلا جاتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے بتایا کہ ہسپتال میں یہ آپریشن مستحق افراد کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔ نجی شعبے میں یہ آپریشن چار سے چھ لاکھ میں کیا جاتا ہے جبکہ جنرل ہسپتال میں حکومت پنجاب کے خصوصی تعاون سے یہ سارا عمل تقریبا مفت کیا جا رہا ہے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر نے قرار دیا کہ وزیر اعلی کے مشن ’’صحت سب کے لئے ‘‘ کو آگے بڑھانے کے لئے نیک نیتی سے کام کیا جا رہا ہے اور مستقبل قریب میں بھی یہ کام جاری رہے گااور موٹاپے پر قابو پانے کے حوالے سے شروع ہونے والا علاج بہت بڑی کامیابی ہے ۔

متعلقہ عنوان :