رکن پنجا ب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی میں کالاباغ ڈیم بنانے کے حق میں قرارداد جمع کرادی

پاکستان میں بجلی کی بڑھتی طلب کے پیش نظر کالا باغ ڈیم کا قیام وقت کی ضرورت بن چکا ہے،قرار داد کا متن

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:10

رکن پنجا ب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی میں کالاباغ ڈیم بنانے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجا ب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کالاباغ ڈیم بنانے کے حق میں پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی بڑھتی طلب کے پیش نظر کالا باغ ڈیم کا قیام وقت کی ضرورت بن چکا ہے،سیاسی و مذہبی جماعتوں کو آپس کے اختلافات ختم کرکے قومی مفاد کے میگا پرجیکٹ پر آل پارٹی کانفرنس بلانی چاہیے،ہمارے ہمسایہ ملک بھارت نے دنیا کے دوسرے بڑے ڈیم کا افتتاح کردیا ہے لیکن ہمارے ایک ڈیم پر گزشتہ چالیس سال سے اختلافات ختم نہیں ہورہے، اگر کالا باغ ڈیم سمیت دیگر نئے آبی ذخائر تعمیر ہو جائیں تو پاکستان میں سبز انقلاب آ جائے گا جس سے ملکی معیشت مضبوط ہو جائے گی۔

قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارے موجودہ آبی ذخائر میں پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد دن بدن کم ہو رہی ہے اس بات میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ 2025 تک اگر نئے آبی ذخائر تعمیر نہ کیے گئے تو ملک میں پانی کی قلّت بحرانی کیفیت اختیار کر سکتی ہے لہذاپانی کی قلّت سے بچنے کیلئے کالا باغ ڈیم ،دیا مر،بھاشا،مہمند،اکھوڑی،بونجی،کرم تنگی،منڈا،داسوسمیت دیگر ڈیمز فوری تعمیر کیے جائیں۔

(جاری ہے)

یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے اور جس طرح تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر لایا گیا تھا اسی طرح نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے بھی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کیا جائے ۔قرار داد میں کہا گیا کہ آبی ذخائر کی تعمیر کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھانے دیا جائے،تمام سیاست دان اور مذہبی رہنما اس اہم قومی مسئلے کے حل اور ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی سوچ کو تبدیل کریں اور تمام تر سیاسی و مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آبی ذخائر کی تعمیر پر اتفاق کا مظاہرہ کریں کیونکہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا راز کالا باغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائر کی تعمیر میں ہی پوشیدہ ہے۔