محب وطن افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا میرا مشن ہے،چودھری شجاعت

نوازشریف کے بغیر شہبازشریف صفر ہیں،اکثر لیڈر قوم کو بے راہ روی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ جمعیت علماء پاکستان کے وفدسے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 ستمبر 2017 15:44

محب وطن افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا میرا مشن ہے،چودھری شجاعت
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23ستمبر2017ء ) : مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر کی قیادت میں وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں ملک محبوب قادری، ملک بشیر احمد نظامی، حافظ نصیر احمد نورانی، رشید احمد رضوی، محمد ارشد مہر، علامہ اظہر فاروقی اور مفتی تصدق حسین شامل تھے۔

چودھری شجاعت حسین نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تمام محب وطن جماعتوں اور افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا میرا مشن ہے، محب وطن پاکستانیوں کو یکجا کرنا وقت کی ضرورت ہے، ہر وہ شخص مسلم لیگی ہے جس کے دل میں پاکستان کا درد اور محبت ہے، آج اکثر لیڈر قوم کو بے راہ روی کی طرف لے کر جا رہے ہیں اس وقت سب سے محب وطن افراد کو جمع کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان محب وطن افراد کی جماعت ہے، دورہ کراچی میں بھی میرا یہی مقصد تھا اس مشن کو لے کر ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے بغیر شہبازشریف صفر ہیں، نوازشریف کو عدالتوں نے نااہل قرار دے دیا ہے۔ سربراہ جمعیت علماء پاکستان قاری زوار بہادر نے چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے محب وطن افراد کو اکٹھا کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو اہمیت دی ہے ہمیشہ پاکستانی اداروں، فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں ملکی اداروں پر حملہ آور ہیں۔

متعلقہ عنوان :