ترکی:مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک ،15لاپتہ

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:09

ترکی:مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک ،15لاپتہ
استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2017ء) ترکی کے بحیرہ اسود کے علاقے میں مہاجرین کو لے کرجانے والی کشتی ڈوبنے سے 15 افراد جاں بحق اور 15 کے قریب لاپتہ ہوگئے۔حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق استنبول سے 130 کلومیٹر سے دور ضلع کیفکان میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 40 مہاجرین کو بچالیا گیا جبکہ لاپتہ 13 سے 15 افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق بچالیے گئے افراد میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھیں جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم ان کا بچہ ضائع ہوگیا۔قصبہ کندیرا کے ایک رہائشی مہمت اونل کا کہنا تھا کہ کشتی میں 70 کے قریب افراد سوار تھے جن میں سے اکثریت عراقیوں کی تھی۔ میڈیا کی غیر تصدیق شدہ رپورٹس کے مطابق مہاجرین کی کشتی ذونگلدک سے روانہ ہوئی تھی اور یورپین یونین میں شامل ملک رومانیا میں داخل ہونے جارہی تھی۔اطلاعات کے مطابق مہاجرین کی کشتی ترکی میں ہونے والی بارش اور خراب موسم کے باعث دریا میں طغیانی کے نتیجے میں ڈوب گئی۔

متعلقہ عنوان :