پی کے ایل آئی میڈیکل کے شعبہ میں گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا ،خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 23 ستمبر 2017 16:02

پی کے ایل آئی میڈیکل کے شعبہ میں گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا ،خواجہ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ پاکستان کڈنی لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر پاکستان میں میڈیکل کے شعبہ میں گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا۔اس سے ہیلتھ کے شعبے کی ترقی میں وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی خدمات کا نیا باب رقم ہوگا۔

منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس کے پہلے فیز کا افتتاح دسمبر میں ہوجائے گا جس کے بعد امراض گردہ و جگر کے مریضوں کو علاج معالجے کی انڈور سہولیات ملنا شروع ہوجائیں گی ۔انہوں نے یہ بات پاکستان کڈنی، لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹرکی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ سٹیرنگ کمیٹی کاا جلاس پی کے ایل آئی کے سائٹ آفس بیدیاں روڈ پر منعقد ہوا جس میں صدر پی کے ایل آئی ڈاکٹر سعید اختر، جنرل مینجر پراجیکٹ علی خان، اقبال شیخ ممبر کمیٹی ، کمانڈنٹ ایلیٹ فورس کرنل علی نواز جنجوعہ ، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عبدالحق بھٹی ، لیسکو، سوئی گیس ، واسا ، ایل ڈی اے ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے جنرل مینجر پراجیکٹ علی خان نے منصوبے پر کام کی رفتار اور ٹائم لائن کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ تمام متعلقہ سپورٹنگ ڈیپارٹمنٹس نے اپنے اپنے حصے کے کام پر پیش رفت بارے اجلاس کو اپ ڈیٹ کیا ۔ لیسکو کے نمائندے نے بتایاکہ پی کے ایل آئی کے گرڈ سٹیشن کو برقی رو سے منسلک کردیاگیاہے اور لوڈ تیار ہے۔ علی خان نے بتایاکہ پیکج ون کے تحت ہسپتال کا پہلا فیز نومبر کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا ۔

انہوں نے بتایاکہ بلڈنگ میں ایچ وی اے سی سسٹم کی ڈکٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ گرے سٹرکچر ہر طرح سے مکمل کرلیاگیاہے ۔باؤنڈی وال کی تعمیر کا 90 فیصد سے زائد کام مکمل ہے ۔ ہسپتال میں مسجد، پی کے ایل آئی بازار، پیشنٹ ٹاور بھی تعمیر کیاجارہاہے ، میڈیکل آلات ، وینٹیلیٹرز، ڈائلسز مشینیں ،CSSD،لانڈری، MRI، لیبارٹری، روبوٹ سرجری اور دیگر سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل آلات کی خریداری کا عمل جاری ہے۔

ہسپتال کے سیوریج کی 36انچ قطر کی پائپ کو بیدیاں روڈ کی مین پائپ لائن سے ملایاجائے گا۔اس موقع پر سڑکوں کو چوڑا کرنے اور سوئی گیس کی فراہمی دیگر امور بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ ً ڈاکٹر سعید اختر نے بتایاکہ پی کے ایل آئی میں خدمات سرانجام دینے کے لئے امریکہ اور برطانیہ و دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز اکتوبرسے آنا شروع ہوجائیں گے۔ ابتداء میں ان کی رہائش کیلئے کوٹھیاں کرایہ پر لی جائیں گی۔ ڈاکٹر سعید اختر نے کہاکہ پی کے ایل آئی میں غریبوں کو وزیراعلی کی پالیسی کے مطابق بالکل مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی -