پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی

ہفتہ 23 ستمبر 2017 14:18

پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کے فیصلے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2017ء) پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔ہوم سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں 20 سے زائد صفحات کی انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی جس میں یہ نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ رپورٹ پبلک کرنے کے متعلق درخواستیں فل بنچ کے روبرو زیرسماعت ہے، فل بنچ کی موجودگی میں سنگل بنچ کیس کی سماعت نہیں کر سکتا جبکہ سنگل بنچ نے تحریری جواب جمع کروانے کا موقع ہی نہیں دیا۔

اپیل کے مطابق آئینی درخواست میں تحریری جواب سنے بغیرہی فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جوڈیشل انکوائری حکومت صرف حقائق جاننے کیلئے ہوتی ہے تاکہ کسی بھی واقعہ کے حقائق سامنے آئیں اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انکوائری رپورٹ جاری کرنا یا نہ کرنا حکومت کی صوابدیدی اختیار ہے اور وہ حالات کے مطابق فیصلہ کر سکتی ہے۔ انکوائری کوئی عدالتی فیصلہ نہیں ہوتا۔ اس کو بطورشہادت استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ اس لیے عدالت ماڈل ٹائون انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔واضح رہے کہ جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پرلانے کا حکم دے دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :