ٹیکس پیئرز کو ریٹرن داخل کرانے کی مدت بڑھا کر 31 دسمبر تک کی جائے ، ایوان صنعت و تجارت سکھر

جمعہ 22 ستمبر 2017 23:50

سکھر۔22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء)ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے صدر محمد اقبال آرائیں، سینئر نائب صدر محمد رضوان الحق ملک ، نائب صدر محمد خالد خاکیزئی،ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر کے چیئرمین عامر علی خان غوری نے انکم ٹیکس ریٹرن آن لائن داخل کرنے میں حائل دشواریوں اور ایف بی آر کے پورٹل کے بلاک ہوجانے کی شکایات موصول ہونے پر وزارت ِ خزانہ اور ایف بی آر حکام سے مطالبہ کیاہے کہ ٹیکس پیئرز کو ریٹرن داخل کرانے کی مدت 30 ستمبر سے بڑھا کر 31 دسمبر تک کی جائے تاکہ ٹیکس گزار گوشوارے داخل کروا کے اپنی قومی ذمہ داری میں سر خ رو ہوسکیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے قومی معیشت میں ریوینیو محاصل کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ محاصل وصولی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ایوان کی تجویز پر عمل کرتے ہوئے مذکورہ توسیع کا اعلان کیا جائے۔