سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا گیا

برما کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کر کے پاکستانی سفیر کو برما سے واپس بلایا جائے ،میانمار سے ہر قسم کی تجارت اور تعلقات ختم کیے جائیں ، مقررین کا خطاب

جمعہ 22 ستمبر 2017 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا گیا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں ، لاہور ، پشاور ، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ برما کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کر کے پاکستانی سفیر کو برما سے واپس بلایا جائے اور میانمار سے ہر قسم کی تجارت اور تعلقات ختم کیے جائیں ۔

عالم اسلام روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ اور اراکان میں ان کی آزاد ریاست کے لیے اقوا م متحدہ میں آواز اٹھائیں ۔یوم یکجہتی کے موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام منصورہ ملتان روڈپر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد او ر مولانا عبدالمالک نے کی ۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اگر حکومت نے برما کے سفیر کو فوری طور پر پاکستان سے نہ نکالا تو برمی سفارتخانے کی طرف ملین مارچ کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ برما کے اندر ہونے والے ظلم کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی ، بستیوں کو ان کے مکینوں سمیت جلایا جارہاہے ۔ مائوں کے پیٹ چا ک کر کے بچوں کو نکال کر انہیں ذبح کیا جارہاہے ۔

بدھ بھکھشو چڑیا اور چیونٹی کو مارنا گناہ اور مسلمانوں کو مارنا ثواب سمجھتے ہیں ۔ مسلمانوں کی اس نسل کشی کو روکنے کے لیے عالم اسلام کے حکمرانوں کو بیدار ہونا ہوگا ۔برما حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر العظیم نے کہاکہ روہنگیا مسلمانوں کے بہتے لہو اور جلتے لاشوں پر عالمی ضمیر اور اقوا م متحدہ اندھی گونگی اور بہری ہو گئی ہے ۔

ہمیں دنیاسے نہیں مسلم حکمرانوں سے گلہ ہے جنہیں مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بھی اپنے آقائوں سے اجازت لینا پڑتی ہے ۔ یہ حکمران عیش و عشرت کے کفن پہن کر بے حسی کی قبروں میں دفن ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے جماعت اسلامی کے احتجاج اور سراج الحق کی آواز پر چند قرار دادیں پاس کیں اور بیانات دیئے مگر یہ کافی نہیں انہیں آگے بڑھ کر دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف اقوام متحدہ میں احتجاج کرناچاہیے کہ وہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر کیوں خاموش ہے ۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور انجمن تاجران ملتان روڈ کے صدر ذیشان علی نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :