ملی مسلم لیگ جلد ہی سندھ میں رُکن سازی کی مہم شروع کرے گی، فیصل ندیم

جمعہ 22 ستمبر 2017 23:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) ملی مسلم لیگ کے مرکزی سیکریٹری نشرواشاعت فیصل ندیم نے کہاہے کہ ملی مسلم لیگ جلد ہی سندھ میں رُکن سازی کی مہم شروع کرے گی اس سلسلے میں سندھ بھر کے شہروں ، علاقوں اور دیہاتوں میں خصوصی رُکن سازی مہم کیمپس لگائے جائیں گے، آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے خصوصی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل ندیم نے ایک بیان میں کہا کہ ملی مسلم لیگ سندھ میں عوام کی خدمت کی سیاست کرے گی اور سندھ بھر میں عوامی مسائل اور سندھ کی ترقی کے ایجنڈے کو اہمیت دیتے ہوئے آگے بڑھائے گی، انہوں نے کہاکہ ملی مسلم لیگ سندھ کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے اور اس وقت سندھ کے مختلف شہروں اور علاقوں کی حالت زار پر گہری نظر ہے، موجودہ حکمرانوں نے سندھ کو کھنڈر میں تبدیل کردیا ہے ، شہر گندگی کا ڈھیر بن چکے ہیں ، ہرطرف جابجا کچرے کے ڈھیر نظر آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک طرف ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں دوسری طرف عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی یہی وجہ ہے کہ عوام روایتی سیاستدانوں سے نفرت کا اظہار کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کو فروغ دے گی اور اسی نظریئے کی اساس اور بنیاد پر خدمت اور سیاست کرے گی، انہوں نے کہاکہ جلد ہی سندھ میں ملی مسلم لیگ کے ذمہ داروں کا اعلان کیا جائے گا ہر یوسی ، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر ذمہ دار مقرر کئے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حوالے سے علاقائی مشاورتی کونسل بھی تربیت دے گی تاکہ لوگوں کے مسائل جلداز جلد حل ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :