ضمنی الیکشن اور آئندہ عام انتخابات پر گہری نظر ہے ، امیر حیدر خان ہوتی

جمعہ 22 ستمبر 2017 22:39

ضمنی الیکشن اور آئندہ عام انتخابات پر گہری نظر ہے ، امیر حیدر خان ہوتی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کی زیر صدارت پارٹی کی صوبائی کابینہ کا اجلاس باچا خان مرکز میں منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک سمیت کابینہ کے تمام ممبران نے شرکت کی ، اجلاس میں تنظیمی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی بحث کی گئی اور صوبہ بھر اور فاٹا میں رابطہ عوام مہم مزید تیز کرنے کیلئے لائحہ عمل بھی طے کیا گیا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی صوبے کی ایک منظم اور مضبوط عوامی قوت ہے اور آنے والے الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے چار سال کا طویل عرصہ مفاد عامہ کو نظر انداز کرنے میں گزار دیا ، انہوں نے کہا کہ صوبے کو نہ صرف مالی طور پر دیوالیہ کر دیا گیا بلکہ بجٹ میں بھی عوامی مفاد کا کوئی منصوبہ نہیں رکھا گیا ، انہوں نے کہا کہ اے این پی دوبارہ اقتدار میں آکر ترقی کا رکا ہوا عمل شروع کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مسائل میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے ،صوبے کے بڑے ذرائع آمدن کی نجکاری کر دی گئی ہے اور خیبر پختونخوا ان ذرائع آمدن کی مستقل آمدنی سے محروم ہو گیا ہے۔اجلاس میںیہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام صوبائی و ضلعی ممبران عوام کے ساتھ اپنے رابطوں کو مزید مؤثر بنائیں گے ، امیر حیدر خان ہوتی نے فاٹا اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاق فاٹا کے صوبے میں انضمام کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کر رہاہے جو فاٹا کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے ، انہوں نے کہا کہ انضمام کو بلاتاخیر عمل بنانے کیلئے مرکزی حکومت فوری اور ٹھوس اقدامات کرے ۔

دریں اثناء صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے فاٹا میں رابطہ عوام مہم میں مزید تیزی لانے اور اسے مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی ،ضمنی الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ این ای4میں اے این پی تین بار کامیاب ہوتی رہی ہے اور26اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی جس کے بعد اس حلقہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔