پاکستان رینجرز سندھ نے محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے

جمعہ 22 ستمبر 2017 22:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے، اس سلسلے میں کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر فوری اور موثر کارروائی کے لئے کرائسس منیجمنٹ سیل ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں قائم کر دیا گیا ہے، عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام مکاتب فکر کی عبادت گاہوں، مجالس، امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف اسنیپ چیکنگ، موبائل پیٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں جمعہ کو کراچی اور اندرون سندھ مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی طرف سے مشترکہ فلیگ مارچ اور موبائل پیٹرولنگ کی گئی۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مربوط حکمت عملی بھی مرتب کی گئی ہے جس کے تحت شر انگیز تقاریر کرنے، مواد چھاپنے یا نشر کرنے پر مکمل پابندی ہو گی، اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی۔

(جاری ہے)

ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محرم الحرام کے موقع پر رینجرز کی بھاری نفری کراچی اور اندرون سندھ میں مرکزی جلوسوں کی نگرانی کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوس کی گذر گاہ میں آنے والے راستوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری اور ساتھ ہی عوام الناس سے بھی گذارش کی جاتی ہے کہ اخوت اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا مشکوک چیز یا فرد کی اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔