پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم ملتان سلطان کے لوگو اور کٹ کی تقریب رونمائی

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر، ٹام موڈی ہیڈ کوچ ، وسیم اکرم ڈائریکٹر آپریشنز مقرر ملتان سلطان کی ٹیم کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں ٹیم ممبرز اور وسیم اکرم کے ساتھ کام کرنے کے لیے وہ بہت پر جوش ہیں، موڈی

جمعہ 22 ستمبر 2017 22:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم ملتان سلطان کے لوگو اور کٹ کی رونمائی کر دی گئی۔ سابق کپتان سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم مہمان خصوصی تھے۔ پی ایس ایل تھری میں پانچ کے بجائے اب چھ ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، وسیم اکرم ملتان سلطان ٹیم کے ڈائیریکٹر کرکٹ آپریشنز ہوں گے جبکہ سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر، ٹام موڈی کو ملتان سلطان فرنچائز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ ملتان سلطان کی ٹیم کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں ٹیم ممبرز اور وسیم اکرم کے ساتھ کام کرنے کے لیے وہ بہت پر جوش ہیں۔ٹام موڈی آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ اور ڈائریکٹر وورسسٹر شائر کے طور پر کام کر چکے ہیں، وہ سری لنکن ٹیم کے کوچ بھی رہے اور ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن کے منیجر اور ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔قبل ازیں وسیم اکرم فرنچائز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز تعینات کیے جا چکے ہیں، وقار یونس کی بھی ملتان سلطانز جوائن کرنے کی اطلاعات تھیں تاہم انہوں نے بعد ازاں وسیم اکرم کی چھوڑی ہوئی ٹیم اسلام آباد کو بطور بولنگ کوچ جوائن کر لیا تھا۔