سراج الحق کی اپیل پر برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار ِ یکجہتی کیلئے شہر بھر میں سینکڑوں مقامات پر مظاہرے

حکمران امریکی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ،ْ ان میں اتنی حمیت نہیں امت مسلمہ کے مسلمانوں کا مقدمہ لڑسکیں ، حافظ نعیم الرحمن کا مظاہرے سے خطاب امت رسولﷺ پر یہ وقت تب تک رہیگا جب تک ہم چور ، لٹیروں ، ڈاکؤں اور قاتلوںکو اپنے سروں پر بٹھاتے رہیں گے

جمعہ 22 ستمبر 2017 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف اور مظلوم و نہتے مسلمانوں سے اظہار ِ یکجہتی کے سلسلے میں جمعہ کے روز کراچی کے سینکڑوں مقامات پراحتجاجی مظاہرے ہو ئے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے۔

مظاہرین نے برما کے بدھسٹ حکمرانوں اور فوج ،اقوام ِ متحدہ ،عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور بڑی طاقتوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور ان کی خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ کراچی میں پانچوں اضلاع میں مظاہرے کیے گئے جبکہ مرکزی مظاہرہ فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد میں ہوا جس سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان اور سکریٹری ضلع محمد یوسف نے بھی مظاہرے سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسلمانوں بھائیوں کے اعضاء کاٹے جارہے ہیں ، ان کو قتل کیا جارہا ہے اور جو بنگلہ دیش کی سرحدوں پر موجود ہیں انہیں پناہ نہیں دی جارہی ایسی صورتحال میں ہم اپنے آپ کو بے بس پاتے ہیں کیونکہ ہمارے حکمرانوں کی پالیسی یہ ہے کہ امت کے ساتھ کچھ بھی ہو مسلمانوں کے ساتھ کچھ بھی ہو انہیں کچھ نہیں بولنا، ہماری 57اسلامی ممالک کی فوجیں موجود ہیں ، ہمارے پاس وسائل موجود ہیں ، پروفیشنل آرمی ہیں لیکن یہ آرمی مسلمانوں کے لیے مظلوموں کے لیے نہیں لڑرہی ہیںبلکہ امریکہ کے ایجنڈے کی تکمیل پر لڑرہے ہیں اگر یہ کچھ کام کررہے ہیں تو اپنے مٖغربی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے کررہے ہیں۔

مسلمانوں کو آزادی دلانے کے لیے کچھ نہیںکررہے ۔ گزشتہ دنوں جماعت اسلامی نے برما سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی ایک بڑا مارچ کیا جس کے نتیجے میں یہ ہوا ہے کہ بنگلہ دیش نے مظلوم روہنگیا مسلمانوں کو کچھ نہ کچھ ریلیف فراہم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امت رسول ؐ پر یہ وقت اس وقت تک رہے گا جب ہم چور ، لٹیروں ، ڈاکؤں اور قاتلوںکو اپنے سروں پر بٹھاتے رہیں گے ، جب ہم حالات سے سمجھوتہ کرتے رہیں گے ،جب ہم مہاجر، پٹھان ، بلوچ اور سندھی بنے رہیں گے ،جب ہم اپنی رائے ان لوگوں کے حق میں دیتے ہیں جو ملک کو تقسیم کرتے ہیں تو ہمارا حال بھی یہی ہوتا ہے ۔

اس وقت کی جو صورتحال ہے اور جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان پر نظرے گاڑے ہوئے ہے اندیشہ ہے کہ جس طرح افغانستان پر یلغار کی تھی ایسا نہ ہو پاکستان پر بھی یلغار نہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ حکمران ہیںجب امریکہ حملہ کرے گا تو سارے امریکہ جا کر بیٹھ جائیں گے یہ وہ حکمران ہیں جو لسانیت اور تعصب کی سیاست کر کے عوام کو تقسیم کرتے ہیں ، ان لوگوں میں اتنی حمیت نہیں ہے کہ امت مسلمہ کے مسلمانوں کا مقدمہ لڑسکے اس لیے ہمیں ان لوگوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ آگے بڑھتا رہے گا اور برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیف بھی بڑھاتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ دین سے محبت کرتے ہیں ، دنیا بھر میں جہاں جہاں مسلمان آباد ہیں ان سب سے محبت کرتے ہیں اور برما فنڈ میں دل کھول کر فنڈ جمع کیا ہے اور برما کے 4لاکھ مہاجرین کے لیے برما فنڈ میں حصہ لیا ہے ۔

علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی اپیل پر شہر بھر میں مساجد کے امام اور آئمہ حضرات نے اپنی تقاریر اور خطبوں میں روہنگیاکے مسلمانوں پر مظالم اور برما کے حکمرانوں کے افسوس ناک اور متعصبانہ کردار کو موضوع بنایا اور ان کی اور عالمی اداروں کی شدید مذمت کی اور مظلوم اور نہتے مسلمانوں سے بھر پور اظہار ِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی سلامتی ،جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔علاوہ ازیں برمی مہاجرین کے لیے جھولی فنڈ بھی جمع کیا گیا اور عوام نے بھر پور تعاون کر تے ہوئے فنڈ میں نقد عطیات جمع کرائے ۔

متعلقہ عنوان :