مختلف ترقیاتی اسکیمیں سال رواں کے بجٹ میں شامل کی گئی ہیں جبکہ متعدد ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈر کا عمل مکمل ہوچکا ہے،

میئر کراچی وسیم اختر شہر کے مختلف حصوں میں سڑکوں کی استرکاری، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی، شجر کاری اور صفائی کا کام جاری ہے، 13 رکنی وفد سے بات چیت

جمعہ 22 ستمبر 2017 21:54

مختلف ترقیاتی اسکیمیں سال رواں کے بجٹ میں شامل کی گئی ہیں جبکہ متعدد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ21 مختلف ترقیاتی اسکیمیں سال رواں کے بجٹ میں شامل کی گئی ہیں جبکہ متعدد ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈر کا عمل مکمل ہوچکا ہے، شہر کے مختلف حصوں میں سڑکوں کی استرکاری، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی، شجر کاری اور صفائی کا کام جاری ہے، منتخب بلدیاتی نمائندے خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو ہمارے لئے برابر ہیں اور شہر کے ہر علاقے میں یکساں ترقیاتی کام کرانا ہمارا مقصد ہے، ہل پارک کی زمین پر غیرقانونی قبضہ ختم کرانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید نکاتی کی سربراہی میں ملاقات کے لئے آنے والے 13 رکنی وفدسے بات چیت کے دوران کیا ، اس موقع پر یوسی چیئرمین فضل الرحمن، نواز خان، حنیف میمن، مولانا زریں، حنیف پٹنی، فرخ عدنان، ولید احمد، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، چیئرمین فنانس کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس شیخ، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران یوسی چیئرمینز نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے میئر کراچی کو آگاہ کیا ، انہوں نے بتایا کہ یوسی 1 دائود چورنگی، مولا مدد قبرستان کی حالت انتہائی خراب ہے اور اس قبرستان کے اطراف چار دیواری تعمیر کرنا ضروری ہے جبکہ ہل پارک کی زمین پر بھی ناجائز قبضہ کیا جا رہا ہے جس کے خلاف آپریشن کرکے ان جگہوں کو واگزار کرایا جائے انہوں نے بتایا کہ ریتی لائن، باتھ آئی لینڈ میں مقامی آبادی کو سیوریج اور سڑکوں کے مسائل درپیش ہیں جن کا جلد حل نکلا جانا چاہئے ، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے ہمیں ووٹ دیئے ہیں لہٰذا عام شہریوں کو ان کے مسائل کے حوالے سے مطمئن کرنا ضروری ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے فنڈز اور ڈسٹرکٹ اے ڈی پی فنڈز کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام کرا رہی ہے، یوسی چیئرمین اس بات پر خصوصی توجہ دیں کہ جو بھی منصوبے وہ بنائیں ان سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوسکیں،انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 168 کونسل ممبروں کی جانب سے تجویز کئے گئے کاموں کو سال رواں کے بجٹ میں شامل کرلیا گیا ہے ، یوسی چیئرمین 25لاکھ روپے تک کی مالیت کی اسکیم بنا کر پیش کریں تاکہ یوسی چیئرمین کی نگرانی میں اس پر کام کرایا جاسکے، انہوں نے کہاکہ ہم کراچی کو اون کرتے ہیں اور تمام علاقوں کی یکساں ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں، شہر میں قبرستان کی کمی کو پورا کرنے کے لئے دو نئے قبرستان تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ایک سرجانی ٹائون اور دوسرا سپر ہائی وے میں بنایا جا رہا ہے یہ شہر کی بنیادی ضرورت ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ قبرستان کی بیرونی چار دیواری اس طرح بنائی جائے کہ وہاںہونے والی سرگرمیوںپر نظر رکھی جاسکے،میئر کراچی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ گٹر ابلنے اور پائپ لائنوں سے سیوریج کے رسائو نے کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے اور اس صورتحال کی وجہ سے ہمارے ساحل بھی آلودہ ہوچکے ہیں اس مسئلے کا فوری حل نکالنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ بہتری اور ترقی کے اس عمل میں سب لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں، ہمیں پوری امید ہے کہ تمام تر مسائل کے باوجود ہم کراچی کے شہریوں کو بہتر ماحول اور بنیادی بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :