وزیراعلیٰ بلوچستان کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی افواج کی بلاجواز وبلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت ، 6شہریوں کی شہادت اور20سے زیادہ کے زخمی ہونے پر دلی رنج وغم کااظہار

بھارت ایک جانب تو مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کررہاہے اوردوسری جانب بلوچستان میں مداخلت کرتے ہوئے آزادی کی نام ونہاد تحریک کی سرپرستی کررہاہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجاسکتا ہے،نواب ثنا ء اللہ خان زہری

جمعہ 22 ستمبر 2017 21:13

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی افواج کی بلاجواز وبلااشتعال ..
کوئٹہ۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی افواج کی بلاجواز وبلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 6شہریوں کی شہادت اور20سے زیادہ کے زخمی ہونے پر دلی رنج وغم کااظہارکیاہے ،وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت ایک جانب تو مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کررہاہے اوردوسری جانب بلوچستان میں مداخلت کرتے ہوئے آزادی کی نام ونہاد تحریک کی سرپرستی کررہاہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عرصہ دراز سے کنٹرول لائن پر پاکستانی آبادی بھارتی جارحیت کا شکار ہورہی ہیں اوربھارت کی جانب سے سینکڑوں بار کی جانے والی سرحدی خلاف ورزیوں اوربلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے پاکستانیوں کی بڑی تعدادشہیداورزخمی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ عالمی برداری بالخصوص اقوام متحدہ کو بھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو اس جارحیت سے روکناچاہیے ،انہوں نے کہاکہ پاک فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے ہرواقعہ کے بعد بھارتی فورسز کو منہ توڑجواب دیاگیاہے جس میں انہیں بھاری نقصان اٹھاناپڑا، بھارت کو یاد رکھناچاہیے کہ اس قسم کی جارحیت ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی ہماری بہادرافواج بھارتی جارحیت کابھرپورجواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔