وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، پاک میڈیکل ہیلتھ نمائش کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:57

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، پاک میڈیکل ہیلتھ نمائش کے انعقاد کے انتظامات ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس کا منعقد ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت میں پاک میڈیکل ہیلتھ نمائش کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت رواں ماہ کے آخر میں صوبائی دارالحکومت میں پاک میڈیکل ہیلتھ نمائش کا اہتمام کر رہی ہے ، جس میں ترکی کی وزارت صحت کے اعلیٰ حکام،شعبہ صحت سے وابستہ ترکی اور پاکستان کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نمائش کیلئے سکیورٹی اور دیگر بہترین انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی کی جانب سے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تعاون جاری ہے۔

(جاری ہے)

نمائش میں ترک کمپنیوں اور ماہرین صحت کی شرکت سے ان کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا اور یہ نمائش ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے سودمند ثابت ہوگی۔

انہو ںنے کہا کہ ہم صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ ہمیں سرکاری ہسپتالوں میں ہر قیمت پر طبی سہولتوں کو بہتر بنانا ہے اور ہسپتالوں کو جدید رجحانات کی روشنی میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے ترکی کے کامیاب ماڈل سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

ترکی پاکستان کا بہترین دوست ہے اور شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ نمائش کے دوران شعبہ صحت سے وابستہ ترک کمپنیوں اور ترک وزارت صحت کے حکام سے تعاون کے معاہدے بھی طے ہوں گے۔ ہمیں خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہنا چاہیئے۔قومیں اور معاشرے محنت سے بنتے ہیں اور ہمیں اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے محنت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، شیخ علائوالدین، معاون خصوصی ملک احمد خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت، ماہرین صحت اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔